نئے مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی سی یو بنایا جائے گا‘یاسمین راشد

نئے بننے والے چائلڈ اینڈ مدر ہیلتھ کیئر ہسپتال کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا ،تمام سرکاری ہسپتالوں کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کا عزم رکھتے ہیں‘وزیر صحت

لاہور : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا تیرہواں سنڈیکٹ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی عامر زمان خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر امجد ثاقب، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر فیاض بٹ، ایم ایس مزنگ ٹیچنگ ہسپتال، رکن پنجاب اسمبلی ام البنین، وائس چانسلر لمز، محکمہ خزانہ، محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ہائرایجوکیشن، بنک آف پنجاب، آل عمران صدیقی و دیگر محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈاکٹر یاسمین راشدنے لاہور میں بننے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال کے ڈیزائن و دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ لی۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ نئے مدراینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی سی یو بنایا جائے گا۔مدراینڈ چائلڈ ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ آپریشن تھیٹرز بنائے جائیں گے۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خستہ حالت آڈیٹوریم کی جگہ جدید سہولتوں سے آراستہ آڈیٹوریم تعمیر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نئے ٹیوب ویل کی تعمیر کی منظوری دی۔انہوں نے یونیورسٹی کیلئے سٹورکیپر رکھنے کی منظوری دی ۔
یونیورسٹی اور ملحقہ میڈیکل کالجز میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بھی منظوری دی۔صوبائی وزیر نے گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال میں نیاہاسٹل بنانے کی منظوری دی اورنرسنگ ہاسٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔اس کے علاوہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور ملحقہ میڈیکل کالجز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ سابق کرپٹ حکومت موجودہ حکومت کو 100ارب روپے کے قرضوں کا تحفہ دے کر گئی۔پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہسپتال میں ایم ایس کے روزانہ کے باقاعدہ دورے سے تمام معاملات درست ہوسکتے ہیں۔نئے بننے والے چائلڈ اینڈ مدر ہیلتھ کیئر ہسپتال کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مریم بی بی تو صرف ابا بچائو مہم میں لگی ہوئی ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 30 جولائی 2019

Share On Whatsapp