وزیراعظم عمران خان سے خوراک اور صحت کے شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کے گروپ کی پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات

واشنگٹن : وزیر اعظم عمران خان سے خوراک اورصحت کے شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کے گروپ نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں اسلم خان، ٹیکساس سے مبشرچوہدری، ڈاکٹر باسط جاوید، ڈاکٹر عابد شیخ اور ڈاکٹر مبشر چوہدری شامل تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بحری امور کے وزیر سید علی حیدر زیدی، تجارت کے لئے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدلحفیظ شیخ ، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
سرمایہ کاروں نے پاکستان میں خوراک اور صحت کے شعبوں میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے بالخصوص دیہی علاقوں اور مخصوص شعبوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ ملاقات میں اس بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ امریکا میں مقیم پاکستان نژاد فزیشنز پاکستان میں بسنے والی کمیونٹیز کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں ۔
وزیر اعظم عمران خان نے صحت کے شعبہ میں پیش کی جانے والی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے پاکستان میں معاشی و کاروباری مواقع بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین ماحول فراہم کرنے کے لئے کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان نژاد فزیشنز کے کردار اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ان کے عزم کو سراہا۔

تاریخ اشاعت : پیر 22 جولائی 2019

Share On Whatsapp