28 واں نیشنل فٹ بال چیلنج کپ طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم میں شروع ہوگیا

, افتتاحی میچ میںپاکستان ایئرفورس نے ایشیا گھی ملز کو صفر کے مقابلے چار گول سے شکست دی

پشاور : پاکستان فٹ بال فیڈریشن 28 واں نیشنل فٹ بال چیلنج کپ طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم میں شروع ہوگیا جس میں پی ایف ایف سمیت محکموں کی 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے افتتاح کیا، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید اشفاق حسین شاہ، صوبائی فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید ظاہر علی شاہ، سیکرٹری راجہ باسط کمال، ایڈمنسٹریٹر فٹ بال سٹیڈیم جمشید بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
افتتاحی میچ میںپاکستان ایئرفورس نے ایشیا گھی ملز کو صفر کے مقابلے چار گول سے شکست دی ۔ٹیموں میں پاکستان آرمی، نیوی، پی ایف اے، کے آر ایل، ریلوے، ایس ایس جی سی، پولیس، نیشنل بنک، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پی ایف ایف ٹائیگرز، واپڈا، پی ٹی وی،اے جی ایم بہاولپور، کراچی یونائیٹڈ، ماشا یونائیٹڈاور پی سی اے اے شامل ہیں، مقابلے چار اگست تک جاری رہیںگے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشاور میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر فٹ بال فیڈریشن کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ صوبے میں بالخصوص اور ملک بھر میں بالعموم فٹ بال کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا جس سے دنیا کو امن کا پیغام جائے گا صوبائی حکومت انتظامی کمیٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلے سالوں میں دہشت گردی کے باعث صوبے میں کھیلوں سمیت تمام شعبے پیچھے چلے گئے تھے تاہم قوم اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں اب امن قائم ہوگیا ہے فٹ بال کپ کے انعقاد سے دنیا میں صوبے کے بارے میں مثبت تصویر کشی ہوگی اور دنیا پر واضح ہوگا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے یہاں غیر ملکی ٹیمیں آکر کھیل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فٹ بال کا مستقبل روشن ہے صوبے میں اس کھیل کے با صلاحیت کھلاڑی موجود ہیں صوبائی حکومت نے بجٹ میں کھیلوں کے لئے ساڑھے پانچ ارب روپے رکھے ہیں ایک ہزار گرائونڈ بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کیا گیا ہے ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان بنائے جارہے ہیں جس سے نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوں گے۔ فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید اشفاق حسین نے کہا کہ فٹ بال کو انتہا تک لے جایا جائے گا یہ کھیل ملک کا مستقبل ہے وہ دن دور نہیں جب ملک میں فٹ بال کی عظمت رفتہ بحال ہوجائے گی، مواقع فراہم کر کے بچوں کو آگے لایا جائے گا۔
افتتاحی میچ پاکستان ایئر فورس اور ایشیا ء گھی ملز کے مابین کھیلاگیا جس میں ایئرفورس نے صفر کے مقابلے چار گول سے کامیابی حاصل کی ، ایئر فورس کی طرف سے پہلا گول محمد عرفان نے 45 ویں منٹ، دوسرا گول 59 ویں منٹ میں منصور نے پنلٹی کارنر پر کیا ، تیسرااور چوتھا گول قیصر نے 61 ویں اور 67 ویں منٹ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

تاریخ اشاعت : ہفتہ 20 جولائی 2019

Share On Whatsapp