Do We Just Burn Our Kits And Apply For Jobs? - Sikandar Raza

زمبابوے کرکٹ بورڈ کی معطلی پر سکندر رضا سخت مایوس

اب ہم اپنی کٹس جلا کر نوکریاں ڈھونڈنی شروع کردیں؟:آل راﺅنڈر

ہرارے : پاکستانی نژاد زمبابوین کرکٹر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ ایک فیصلے کی وجہ سے ٹیم عالمی کرکٹ میں اجنبی بن کر رہ گئی اور کرکٹرز بے روزگار ہوگئے ہیں۔کرکٹ بورڈ کے معاملات میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے زمبابوے کی معطلی کے بعد کرکٹرز مایوسی کے اندھیروں میں ڈوب گئے اور ان کو اپنا مستقبل تاریک نظر آنے لگا ہے۔ سیالکوٹ سے آبائی تعلق رکھنے والے33سالہ زمبابوین آل راﺅنڈر سکندر رضا کا کہنا ہے کہ ایک فیصلے کی وجہ سے ٹیم عالمی کرکٹ میں اجنبی بن کر رہ گئی اور کرکٹرز بے روزگار ہوگئے ہیں۔
سکندر رضا نے کہا کہ ایک فیصلہ کس طرح کھلاڑیوں کے کیریئر تباہ اور اتنے زیادہ خاندانوں کو متاثر کر سکتا ہے،اب کیا ہم اپنی کرکٹ کٹس جلا کر نوکریاں ڈھونڈنی شروع کردیں؟، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنے کیریئر کو اس انداز میں خیرباد کہنا پڑے گا۔دوسری جانب سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر نے کہا کہ کھیل کے ساتھ لگاﺅرکھنے والے سینکڑوں کرکٹرز، سپورٹ سٹاف اور گراﺅنڈز میں کام کرنے والے دیگر افراد بے روزگار ہوگئے، آئی سی سی کے فیصلے نے دل توڑدیئے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے زمبابوے کرکٹ کو فوری طور پر معطل کردیا گیا، بورڈ نے یہ فیصلہ متفقہ طور پر آرٹیکل 2.4 کی خلاف ورزی پر کیا جوکھیل میں سیاسی مداخلت سے متعلق ہے۔ معطلی کے بعد آئی سی سی کی جانب سے زمبابوے کی فنڈنگ منجمد کردی جائے گی،اس کی کسی بھی نمائندہ ٹیم کو آئی سی سی کے ایونٹس میں حصہ لیے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔کونسل نے حکم دیا کہ زمبابوے کرکٹ کے منتخب آفیشلز کو 3 ماہ کے اندر بحال کیا جائے، اس معاملے کا مزید جائزہ اکتوبر کی بورڈ میٹنگ میں لیا جائے گا۔ 

تاریخ اشاعت : جمعہ 19 جولائی 2019

Share On Whatsapp