Inzamam Used PCB Funds To Help Pay For Treatment For Asif Ali's Daughter

انضمام الحق نے بیٹی کے علاج کیلئے پیسوں کا بندوبست کیا تھا:آصف علی کا انکشاف

چیف سلیکٹر کو بیٹی کی بیماری کا علم ہوا تو پی سی بی سے بات کرکے مالی مدد کا انتظام کروایا: مڈل آرڈر بلے باز

لاہور : قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے انکشاف کیا ہے کہ چیف سلیکٹرانضمام الحق نے ان کی بیٹی کے کینسر کے علاج کے لیے پیسوں کا بندوبست کیا تھا ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آصف علی کا کہنا تھا کہ ” جب انضمام بھائی کو میری بیٹی کے سٹیج 4 کینسر میں مبتلا ہونے کے بارے میں علم ہو ا تو وہ فور ی طور پر پی سی بی گئے اور وہاں بات کرکے پیسوں کا انتظام کروایا،وہ عظیم کھلاڑی ہیں جن کے بارے میں الفا ظ نہیں ہیں اورمیدان کے اندر اور باہر حقیقی رول ماڈل ہیں“۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہونا چاہتا ہوں، 30 جولائی کے بعد مزید ذمہ داریاں نہیں نبھاو¿ں گا جب کہ میں اپنی ٹیم کا شکریہ اداکرتا ہوں، میں نے اپنے سلیکشن کے تین سال مکمل کیے، میں کرکٹر ہوں کرکٹ میرا پیشہ اور میری محبت ہے، سلیکشن کے علاوہ بورڈ کوئی ذمہ داری دے گا اس کے لیے تیار ہوں۔
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ جو میں کر سکتا تھا وہ میں نے کیا، ورلڈ کپ میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو پاکستان نے ہرایا، ہماری ٹیم بہت اچھی تھی ، قسمت نے ساتھ نہیں دیا، ٹورنامنٹ کے آخر میں وکٹیں مشکل ہوگئی تھیں، ماہرین نے پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں شامل کیا تھا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان ٹی 20 میں گزشتہ ایک سال سے نمبر ون ہے اور 2016 ءسے ابتک 15 نوجوان کھلاڑی تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں اور یہ کھلاڑی کئی سالوں تک پاکستان کی نمائندگی کریں گے جب کہ خواہش ہے کہ پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان کرے۔
امام الحق سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کھلاڑی تعلقات سے نہیں کارکردگی سے سلیکٹ ہوتا ہے اور امام الحق نے اچھی کارکردگی دکھائی، ہیڈ کوچ اور بیٹنگ کوچ نے کہا کہ امام الحق سلیکٹ ہونا چاہیے جب کہ امام الحق انڈر 19 کی ٹیم میں 2012 ءسے تھا اور وہ انڈر 19 کا نائب کپتان بھی تھا، اس وقت میں چیف سلیکٹر نہیں تھا جب کہ شعیب ملک نے 19 سال کرکٹ کھیلی ہے ، وہ اچھا کھلاڑی ہے لیکن ورلڈکپ میں پرفارم نہیں کرسکا۔انضمام الحق نے کہا کہ کسی باصلاحیت کھلاڑی کو نادانستہ نظرانداز کردیا ہو تو واضح کردوں میری ترجیح پاکستان کرکٹ رہی ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 18 جولائی 2019

Share On Whatsapp