عسکری الفاذ کلب اور بائونس کلب کی ٹیمیں شہداء پاکستان ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

کراچی : عسکری الفاذ کلب اور بائونس کلب کی ٹیمیں شہداء پاکستان ایس ایس بی کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ پی ایس ڈبلیو اے کے زیر اہتمام کے بی بی اے کے اشتراک اور سندھ سپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے تعاون سے جاری شہداء پاکستان ایس ایس بی باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی۔ کھیلے گئے پہلے میچ میں عسکری الفاذ باسکٹ بال کلب نے مد مقابل بحریہ باسکٹ بال کلب کو 51 کے مقابلے میں 58 باسکٹ پوائنٹس سے مات دیکر ٹورنامنٹ سے آئوٹ کردیا۔
دوران میچ بحریہ کلب 3 کوارٹر تک فتحیاب ہونے کے باوجود آخری کوارٹر میں عسکری الفاذ کلب نے شاہ میر ظہیر کی شاندار کھیل کی بدولت فتح حاصل کرکے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فاتح کلب کی جانب سے شاہ میر ظہیر 21، سید محمد بختیار 16 اور انس عثمان نے 13 جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے اون محمد اکرم 19، حماد وسیم 14 اور تیمور شاہد نے 13 پوائنٹس سکور کئے۔
دوسرے میچ میں بائونس باسکٹ بال کلب نے مدمقابل نشتر باسکٹ بال کلب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 34 کے مقابلے میں 54 باسکٹ پوائنٹس سے عبرتناک شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فاتح کلب کی جانب سے ضیاء احمد 14، سیف اللہ نو شیروانی 13 ، محمد مبشر 11 اور محسن علی نے 10 جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے طلحہ امجد 12، محمد شبر 10 اور علی چن زیب نے 8 پوائنٹس سکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے۔ کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض غلام رسول، ممتاز احمد، غلام محمد، طارق حسین، نذاکت خان، جمیل شیخ نے انجام دیئے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 17 جولائی 2019

Share On Whatsapp