Bokies Earn Millions With India Loss

بھارتی ٹیم کی شکست سے غیرقانونی سٹہ مافیا کے وارے نیارے

پکڑ دھکڑکے باوجود سٹے بازی کا دھندا عروج پر ہے، 10، 15 دن میں ضمانت ہوجاتی ہے: بکی

نئی دہلی : ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کی شکست سے غیرقانونی سٹہ مافیا کے وارے نیارے ہوگئے۔ایک بکی کے مطابق زیادہ تر لوگوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی الیون کی فتح پر جوا کھیلا تھا جس کی وجہ سے انھیں اپنی رقم سے ہاتھ دھونا پڑے، مذکورہ بکی کوصرف اس میچ سے 5 لاکھ روپے کا فائدہ ہوا۔اس نے مزید کہاکہ بھارت میں پکڑ دھکڑکے باوجود سٹے بازی کا دھندا عروج پر ہے، خود میرے دوست کئی مرتبہ پکڑے جا چکے، 10، 15 دن میں ضمانت ہوجاتی اور وہ نئے جوش وخروش سے اس کاروبار میں واپس آجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ادھربھارتی میڈیا نے کرکٹ بورڈ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے فائنل فور مرحلے میں شکست کے بعد بی سی سی آئی نے کپتان ویرات کوہلی کو تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے، بھارتی ٹیم کے اپنے ملک پہنچتے ہی کپتان اور کوچ کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑےگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا کہ اگلے ورلڈ کپ کیلئے حکمت عملی بنانے کا یہ صحیح وقت ہے اور یہی وہ وقت ہے کہ ٹیم کی باگ ڈور اوپننگ بلے باز روہت شرما کے ہاتھوں میں دےدی جائے کیونکہ وہ بہترین متبادل ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویرات کوہلی سے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی کپتانی لےکر یہ منصب روہت شرما کے حوالے کیے جانےکا امکان ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کے پاس ہی رہے گی۔
افسر نے مزید بتایا کہ سب سے بڑا مسئلہ ان افواہوں کا جائزہ لینا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان ورلڈ کپ میں دوریاں پیدا ہوگئی تھیں۔ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کی موجودگی میں کوچ روسی شاستری، چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد اور کپتان ویرات کوہلی سے ان معاملات پر بھی بات کی جائے گی۔

تاریخ اشاعت : بدھ 17 جولائی 2019

Share On Whatsapp