قومی اسمبلی میں بین الپارلیمانی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پارلیمانی ٹیم کی کامیابی پر شاندار خراج تحسین پیش

, آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت دیگر پارلیمانی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کھیل کر کامیابی حاصل کی ، ثابت ہوتا ہے اگر ہم مل کر آگے بڑھیں تو مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، زین قریشی

اسلام آباد ۔ : قومی اسمبلی میں بین الپارلیمانی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پارلیمانی ٹیم کی کامیابی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ ٹیم کے کپتان زین قریشی نے کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد بیک ڈور ڈپلومیسی کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ کو بحال کرنا تھا، ہم نے آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت دیگر پارلیمانی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے، ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کھیل کر کامیابی حاصل کی جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر ہم مل کر آگے بڑھیں تو مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔
منگل کو قومی اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر نے ایوان کو بتایا کہ پارلیمانی کرکٹ ٹیم نے عالمی سطح پر منعقد ہونے والے بین الپارلیمانی ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس پر ٹیم کے کپتان زین قریشی، نائب کپتان علی زاہد سمیت تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ زین قریشی نے اس ایوان اور پورے پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلا بین الپارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ منعقد کیا گیا جس کے لئے ہماری ٹیم سپیکر نے تشکیل دی، ہم نے رمضان میں پریکٹس کی، ہماری ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم دیا، تین کوچ دیئے، وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن اور تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم نے کر دکھایا ہے کہ اکٹھے ہو کر ہم پاکستان کے لئے کھیل سکتے ہیں، ہم نے انگلینڈ اور آسٹریلیا سے کہا ہے کہ وہ اپنی پارلیمانی ٹیمیں لے کر پاکستان آئیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ہو کر، سیکورٹی اداروں اور عوام نے قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے، ہم یہاں ٹورنامنٹ کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے فروغ کے لئے یہاں کرکٹ بحال کرنی ہے۔ سپیکر سے استدعا ہے کہ ان کو خطوط لکھیں۔ سپیکر نے کہا کہ وہ پہلے ہی ان کو خط لکھ چکے ہیں۔

تاریخ اشاعت : منگل 16 جولائی 2019

Share On Whatsapp