بازی پلٹ گئی، ناراض لیگی اراکین اسمبلی نے فارورڈ بلاک بنانے سے انکار کردیا

لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی نے قیادت کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اورپارٹی کے ساتھ رہیں گے

لاہور : بازی پلٹ گئی، ناراض لیگی اراکین اسمبلی نے فارورڈ بلاک بنانے سے انکار کردیا، لاہور میں منعقدہ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی نے قیادت کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اورپارٹی کے ساتھ رہیں گے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ماڈل ٹاؤن میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں ناراض ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے، جن میں جلیل شرقپوری، مولانا غیاث الدین، نشاط احمد ڈاہا شامل تھے۔ اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی وضاحت پیش کی مگر ساتھ ہی یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اورپارٹی کے ساتھ رہیں گے۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم سے ملاقات سے پہلے پارٹی کو اعتماد میں نہ لینے پر غلطی کااعتراف کرلیا۔
اراکین اسمبلی نے کہا پہلے بھی پارٹی کے ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ کھڑے ہیں، پارٹی میں فارورڈ بلاک کا سوچ بھی نہیں سکتے ،ہمارے حلقوں میں پی ٹی آئی کے ارکان مشکلات پیدا کررہے تھے جن کے ازالے کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔مولانا غیاث الدین نے کہا عمران خان بھارت کے وزیر اعظم نہیں کہ ان پر ملاقات کی پابندی ہو ،ان سے حلقے کے مسائل کے حل کیلئے ملے جس کے ازالے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
وضاحت کے بعد میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ وہ وضاحت سے مطمئن ہیں جبکہ خلیل طاہر سندھو نے بتایا کہ ارکان نے کچھ کاموں کے سلسلے میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے کئی اراکین اسمبلی کچھ روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ لیگی اراکین اسمبلی نے وزیراعلی پنجاب کے توسط سے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے 20 سے زائد اراکین اسمبلی فارورڈ بلاک بنانے کیلئے تیار ہیں، تاہم وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب نے ناراض لیگی اراکین اسمبلی پر مشتمل فارورڈ بلاک بنانے کی حمایت کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp