وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا اجلاس

پاکستان خطہ میں امن و استحکام کا حامی ہے، اسی نقطہ نظر کے تحت پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا ساتواں اجلاس وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سابق سفراء، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران کے متوقع دورہ امریکہ، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔
وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو اپنے حالیہ دورہ برطانیہ، دولت مشترکہ کے اجلاس اور وہاں دیگر ممالک کے وزراء خارجہ سے ہونے والی دوطرفہ ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے متوقع دورہ امریکہ اور اس دورہ کے دوطرفہ پاک۔امریکہ تعلقات پر اثرات کے حوالہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام کا حامی ہے اسی نقطہ نظر کے تحت پاکستان افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار پورے خلوص نیت سے نبھا رہا ہے اور پاکستان کی ان کاوشوں کو پذیرائی بھی مل رہی ہے۔ اجلاس میں پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاشی سفارتکاری کو بروئے کار لا کر بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالہ سے بھی مشاورت کی گئی۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp