رب العالمین کا بےحساب شکر ہے، نوازشریف سرخرو ہوگیا، مریم نواز

جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں رتی برابر سچائی ہوتی تو وہ دوران مقدمہ نواز شریف سے جواب طلب کرتے،کہ آپ نے مجھے رشوت کی آفر کیوں کی؟ اعلیٰ عدلیہ کومطلع کرتے اورگرفتاری کا حکم صادر فرماتے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا وزراء کی پریس کانفرنس پرردعمل

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ رب العالمین کا بےحساب شکر ہے، نوازشریف سرخرو ہوگیا جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی تو وہ دوران مقدمہ نواز شریف سے جواب طلب کرتے، کہ آپ مجھے رشوت کی آفر کیوں کر رہے ہیں، اعلیٰ عدلیہ کو مطلع کرتے اورگرفتاری کا حکم صادر فرماتے۔ نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے وفاقی وزراء کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے بیان حلفی اور ان کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر پریس کانفرنس کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جج صاحب ہر کسی سے ہنسی خوشی ملتے رہے، کسی کو اپنی سرکاری گاڑی بھیج کر اپنے ذاتی گھر بلاتے رہے، اور کسی سے خود ان کے دفتروں اور گھروں میں جا جا کر کہتے رہے کہ مجھے دباؤ میں لاؤ اوربلیک میل کرو۔
مریم نواز نے کہا کہ جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں لگائے گئے الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی تو دوران مقدمہ، عدالت میں نواز شریف کو کنفرنٹ کرتے اور کہتے کہ جواب دیں آپ مجھے کیوں رشوت آفر کر رہے ہیں۔ اعلی عدلیہ کو مطلع کرتے اور جج کو دباؤ میں لانے پر بھری عدالت میں گرفتاری کا حکم صادر فرماتے۔
مریم نواز نے کہا کہ رب العالمین کا بےحساب شکر ہے۔ نواز شریف اور میں نے صرف اسی پر ہی توکل اور بھروسہ کیا۔ مجھے اللہ پر یقین تھا کہ وہ نواز شریف کی بے گناہی ضرور ثابت کرے گا اور ان کو سرخرو کرے گا۔ ساری زمینی طاقتوں کی سازشوں کے باوجود اللہ نے نواز شریف کی سچائی دنیا کو دکھا دی۔ اس پر وہی قادر ہے! نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ پتہ نہیں کسی کے خلاف سازش اور ظلم کرنے والے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ اللہ دیکھ رہا ہے اور سب سے بڑی اور کامیاب تدبیر اللہ ہی کی ہے۔ پوری ریاست ایک شخص سے انتقام لینے پر تلی ہوئی تھی مگر کس کو عزت دینا ہے اور کس کو ذلت، یہ فیصلے اللہ کے ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp