امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین پر اپنے وعدوں سے منحرف ہونے کا الزام

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر اپنے وعدوں سے منحرف ہونے کا الزام لگا تے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی زرعی اجناس کی خریداری سے انکار کررہا ہے۔ جمعرات کو ٹویٹر بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے کہنے کے مطابق میکسیکو سرحد پر بڑی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے تاہم چین ہمارے کاشتکاروں کی محنت سے سخت تیار کردہ زرعی اجناس نہیں خرید رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے چین جلد ہی خریداری شروع کردے گا۔
جاپان کے شہر اوساکا میں جی 20 سربراہ اجلاس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ چینی درآمدی اشیاء پر 300 ارب ڈالر کے مجوزہ ٹیرف کو معطل کرنے کی صورت میں چین نے بھاری مقدار میں امریکی زرعی اجناس اور خوراک خریدنے کی پیشکش کی تھی ۔ دریں اثناء تجارتی امور سے متعلق امریکی کمپنی ڈوآنی ایڈوائزری سروسز کے تجزیہ کار نیلسن نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے امریکی زرعی اجناس خریدنے کی جو امیدیں تھیں وہ پوری نہیں ہورہیں جس سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp