امریکا کے ساحلی شہر نیو اورلینز میں سمندری طوفان بیری کے باعث شدید بارشوں، طوفان اور سیلاب سے نظام زندگی متاثر

نیو اورلینز : امریکی ریاست لوئیزیانہ کے ساحلی شہر نیو اورلینز میں جمعرات کو سمندری طوفان بیری کے زیر اثر شدید بارشوں، طوفان اور سیلاب سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔یہ شہرقبل ازیں 2005ء میں سمندری طوفان کترینہ سے شدید تباہی کا سامنا کر چکا ہے۔ امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق شدید موسمی صورتحال کے باعث کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں طوفان جس میں چلنے والی ہوائوں کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ تک ہے میں مزید شدت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لوئیزیانہ کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 2کائونٹیز میں بعض مقامات پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ نیواورلینز کے میئر نے شہریوں کو ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کرنے اور موسم کی تازہ صورتحال کے متعلق باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں ساحلی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ وفاقی، ریاستی اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حفاظتی انتظامات کر لیں اور محتاط، محفوظ رہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp