نیاگرا آبشار میں کودنے والا شخص معجزاتی طور پر محفوظ،معمولی زخمی

گرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی، یہ نیاگرا فال کے امریکی سرحد سے پانی میں کودا،کینیڈین پولیس

مونٹریال : امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر واقع مشہور اور انتہائی خطرناک سمجھی جانے والی نیاگرا آبشار میں ایک شخص نے چھلانگ لگا دی تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔عرب ٹی وی کے مطابق کینیڈین پولیس نے بتایاکہ نیاگرا فال میں کودنے والے شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور اسے کودنے کے بعد دریا کے زیریں حصے میں ایک چٹان پر بیٹھے پایا گیا۔ نیاگرا پارک پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص 57 میٹر بلند حصے ھارس شو فالز کے کنارے پر کھڑا ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو ایک شخص آبشار کے اطراف میں لگی رکاوٹیں عبور کر کے آبشار میں کودنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پولیس کے روکنے سے قبل ہی اس شخص نے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ بعد زاں پولیس نے آبشار کے نچلے حصے میں کودنے والے شخص کی تلاش شروع کی تو اسے ایک چٹان پر بیٹھے پایا۔ نیاگرا فال میں گرنے کے باعث اسے معمولی زخم آئے۔ پولیس نے اسے نکال کر اسپتال پہنچا دیا۔نیاگرا فال میں گرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔ یہ شخص نیاگرا فال کے امریکی سرحد سے پانی میں کودا۔ مقامی میڈیا کے مطابق خطرناک آبشار میں کودنے کے بعد بچ جانے والا یہ چوتھا شخص ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp