ملکی مفاد کے لئے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا،

پاکستان کو روڈ ٹو ملکہ منصوبہ میں شامل کرنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان علماء کونسل محمد حافظ طاہر اشرفی نے کہاہے کہ ملکی مفاد کے لئے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔علماء کا کردار ہر دور میں اہم رہا ہے، پاکستان علماء کونسل مظلوم فلسطینیوں، کشمیریوں کی جدو جہد کی مکمل تائید کرتی ہے۔ پاکستان کو روڈ ٹو ملکہ منصوبہ میں شامل کرنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ دشمن کی ہرممکن کو شش ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان نفرت پھیلائی جائے،جس کا واحد حل باہمی اتفاق ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم امہ میں سعودی عرب اور پاکستان کو نہایت اہمیت حاصل ہے دونوں ممالک اتحاد امت میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ شامل کرنے پر ہم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں،اس منصوبہ سے پاکستانی حجاج کو ایئر پورٹ پر پیش آنے والی مشکلات میں واضح کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ علماء کا کردار ہر دور میں اہم رہا ہے میں علماء سے درخواست کروں گا وہ منبر سے اتحاد امت،بھائی چارے اور فرقہ واریت سے خاتمے کا درس دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نبی اکرمﷺ کے امتی ہیں اور آئین میں موجود اسلامی دفعات میں تبدیلی یا خاتمے کا تصور بھی گناہ سمجھتے ہیں، جب بھی اس حوالے سے کوئی سازش کی جائے گی اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے ہر سطح پر کوششیں شروع کر رکھی ہیں،جس سے ہمارے عرب ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔طاہر اشرفی نے کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے جسے ہر صاحب استطاعت کو ادا کرنا ہے ، آج حج سے روکنے کیلئے فتوے دینے والے مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر میں پاکستانیوں حجاج سے اپیل کروں گا وہ ہر قسم کے سیاسی و مذہبی نعروں سے اجتناب کرنا چاہیے اور سعودی عرب کے قوانین کی نہ صرف مکمل پابندی بلکہ سعودی عرب کے سلامتی اور امن کے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 12 جولائی 2019

Share On Whatsapp