پی سی بی کا آئندہ بارہ ماہ کیلئے 10ایلیٹ ویمن کرکٹرز کیلئے مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

, اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے میں بیس فیصد ،بی کیٹیگری میں 18.5 فیصد اور کیٹیگری سی میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے میں 18فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ترجمان

لاہور۔25 جون : پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ بارہ ماہ کے لئے 10ایلیٹ ویمن کرکٹرز کے لئے تین مختلف کیٹیگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا،سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے شرو ع ہوگا ۔سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے میں بیس فیصد ،بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے میں 18.5اضافہ اور کیٹیگری سی میں شامل کھلاڑیوں کے معاوضے میں 18فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں ندا ڈار اور ثناء میر شامل ہیں ۔کیٹیگری بی میں عالیہ ریاض ،بسمعہ معروف ،جویریہ ودود ،نشری سندھو ،سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں جبکہ کیٹیگری سی میں ڈیانا بیگ اور ناہیدہ خان شامل ہیں ۔پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے مطابق ویمن کرکٹرز اور مرد کرکٹرز کے معاوضے میں فرق کو کم کرنے کے لئے ویمن کرکٹرز کے ڈیلی الائونس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔
کیمپ کے دوران ڈیلی الائونس میں 100فیصد اضافہ اور غیر ملکی دورہ کے دوران ڈیلی الائونس میں پچاس فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق پانچ گھنٹے سے زائد فلائٹس کے لئے ویمن کرکٹرز کو بزنس کلاس کی ٹکٹیں دی جائیں گی ۔ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کے ہر میچ میں کرکٹرز کو دس ہزار میچ فیس دی جائے گی ۔پاکستان کی ویمن ٹیم کا آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن ہے جبکہ ابھی اس نے بھارت اور انگلینڈ کے خلاف دو رائونڈز کھیلنا ہیں ۔
پاکستان کی ویمن ٹیم 21فروری 2020ء کو ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ویمن ورلڈکپ 2020 میں حصہ لے گی ۔پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ویمن کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضے اور دیگر الائونسز میں اضافہ سے ویمن کرکٹر کو ترقی ملے گی ۔ہم ویمن کرکٹ کی ترقی کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں گے ۔ویمن سلیکشن کمیٹی کی چیئرپرسن عروج ممتاز نے کہا کہ نیا سینٹرل کنٹریکٹ ویمن کرکٹرز کے لئے بہت اہم ہے ۔ویمن کرکٹرز نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے جس کا اظہار ان کو ملنے والے نئے سینٹرل کنٹریکٹ سے ہوتا ہے ۔

تاریخ اشاعت : منگل 25 جون 2019

Share On Whatsapp