دفاعی چیمپئن امریکہ اور سویڈن کی ٹیمیں ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

پیرس ۔ : دفاعی چیمپئن امریکہ اور سویڈن کی ٹیمیں پیش قدمی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ویمنز ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ فرانس میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنلز میں عالمی و دفاعی چیمپئن امریکن ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سپین کو زبردست مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، میچ کے شروع ہوتے ہی 7ویں منٹ میں امریکن کھلاڑی ریپی نوئے نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی لیکن دو ہی منٹس بعد سپین کی ہرموسو نے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو آیا، 75ویں منٹ میں امریکن کھلاڑی ریپی نوئے نے دوسرا گول کر کے ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلائی اور ان کا یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔
دوسرے پری کوارٹر فائنل میں سویڈن نے کینیڈا کو 1-0 گول سے ہرایا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گولز کرنے میں ناکام رہیں،دوسرے ہاف کے 55ویں منٹس میں سویڈن کی بلیک سٹینیس نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو کہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

تاریخ اشاعت : منگل 25 جون 2019

Share On Whatsapp