پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ آئندہ ماہ کھیلا جائے گا

اسلام آباد : پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ آئندہ ماہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوگا۔ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا شوکت علی نے بتایاکہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور وشور پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پنجاب کے بھر سی36 اضلاع کی ٹیمیں شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ کے میچز پنجاب کے نو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کھیلے جائیں گے جن میں راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژن سے ایک، ایک ٹیم پنجاب انٹر ڈویژنل فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی جو کہ لاہور میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انٹر ڈویژنل فٹ بال ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پنجاب کی دو ٹیموں میں شامل کیا جائیگا، یہ پنجاب کی منتخب ٹیمیں آئندہ ہونے والے بین الصوبائی فٹ بال ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ رانا شوکت علی نے مزید کہا کہ تمام ضلعی فٹ بال ایسوسی ایشنز کو پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ٹیمیں بنانے کی ہدایت جاری کردی ہیں کہ وہ اپنی اپنی ٹیموں کا انتخاب ٹرائلز کے ذریعے میرٹ پر کریں۔

تاریخ اشاعت : منگل 25 جون 2019

Share On Whatsapp