سعودی عرب میں حج بیت اللہ کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

عازمین حج کی پہلی پرواز 4 جولائی 2019ء کو سعودی مملکت پہنچے گی

جدہ : سعودی عرب میں حج بیت اللہ کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق عازمین حج کی پہلی پرواز 4 جولائی 2019ء کو سعودی مملکت پہنچ جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس بار حج بیت اللہ کے لیے اولین پرواز بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے 4 جولائی کو جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر اُترے گی۔ اس اولین حج پرواز سے 301 بنگلہ دیشی عازمین حج سعودی مملکت آ رہے ہیں۔
شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر ایسام فواد نے بتایا کہ عازمین حج سعودی مملکت میں فضائی، زمینی اور سمندری راستوں سے آئیں گے۔ یہ سلسلہ 4 جولائی 2019ء سے شروع ہو کر 5 اگست 2019ء تک جاری رہے گا۔ جس کے بعد کسی حاجی کو مملکت میں فریضہٴ حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جبکہ اگلے دس دِنوں کے بعد عمرہ کا سیزن اختتام پذیر ہو جائے گا۔
رواں عمرہ سیزن کا آغاز اکتوبر 2018ء سے ہوا جبکہ 18 جُون 2019ء کو مزید عمرہ ویزوں کا اجراء بند کر دیا گیا۔ اب عمرہ کے خواہش مندوں کو یہ سعادت حاصل کرنے کے لیے اگست کے وسط تک انتظار کرنا ہو گا۔کیونکہ اگست کے مہینے میں ذی الحجہ کے 6دِن حج کے لیے مخصوص ہوں گے۔ اس بار 70 لاکھ سے زائد فرزندانِ توحید نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے۔ سعودی محکمہ شہری ہوا بازی اور مکّہ ریجن کی انتظامیہ کی جانب سے حاجیوں کی مذہبی زیارت کو آرام دہ بنانے کے لیے دِن رات بھرپور تیاریاں اور کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے تمام سرکاری اور نجی اداروں نے اپنی تیاریوں کو اختتامی شکل دے دی ہے۔ شاہ عبدالعزیز کے حج ٹرمینل پر حاجیوں کے لیے 14 شاندار لاؤنج موجود ہیں جن میں اُن کے لیے طبی، پاسپورٹ، کسٹم، ویکسین اور دیگر کئی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

تاریخ اشاعت : پیر 24 جون 2019

Share On Whatsapp