وہ 2 کھلاڑی جنہیں سرفراز احمد بھارت کیخلاف میچ نہیں کھلوانا چاہتے تھے

میچ سے قبل رات کو قومی ٹیم کے کپتان، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان طویل بحث ہوئی، سرفراز آل راونڈرز شعیب ملک اور عماد وسیم کو روایتی حریف کے خلاف میچ کھلانے کے حق میں نہیں تھے

مانچسٹر : وہ 2 کھلاڑی جنہیں سرفراز احمد بھارت کیخلاف میچ نہیں کھلوانا چاہتے تھے، میچ سے قبل رات کو قومی ٹیم کے کپتان، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان طویل بحث ہوئی، سرفراز آل راونڈرز شعیب ملک اور عماد وسیم کو روایتی حریف کے خلاف میچ کھلانے کے حق میں نہیں تھے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے ہاتھوں ورلڈکپ کے میچ میں شکست کے بعد سے قومی ٹیم میں اختلافات کی مختلف خبریں سامنے آ رہی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کی ایک رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد بھارت کیخلاف کھلائی جانے والی ٹیم سے خوش نہیں تھے۔ سرفراز احمد قومی ٹیم کے سینئر آل راونڈر شعیب ملک اور عماد وسیم کو بھارت کیخلاف میچ میں موقع دینے کے حق میں نہیں تھے۔ تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق شعیب ملک اور عماد وسیم کو بھارت کیخلاف میچ کھلوانے کے حق میں تھے۔
اسی باعث میچ سے قبل رات کو قومی ٹیم کے کپتان، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان طویل بحث ہوئی۔ تاہم سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑا۔ دوسری جانب مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں تناؤ کی صورتحال ہے۔ کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر برس پڑے اور ان کی شدید سرزنش کی۔
کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انضمام الحق اور مکی آرتھر غیر ضروری طور پر دخل اندازی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو کہا کہ میں تو گیا لیکن بہت سے لوگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہو گیا وہ ہو گیا آب آگے دیکھیں البتہ اس سے پہلے انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ اس کی حماقت ہے، اگر خدانخواستہ ٹیم کے ساتھ کچھ برا ہوا تو سب کچھ بہہ جائے گا، میرے ساتھ اور بھی لوگوں کو گھر جانا پڑے گا، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ میں ہی جاؤں گا تو یہ اس کی حماقت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت میچ میں پاکستان ی ٹیم نے انتہائی ناقص کارکردگی دکھائی اور پاکستان بری طرح میچ ہار گیا۔ ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ میچ سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سیر سپاٹے کرتے رہے اور نیند بھی پوری نہیں کی تھی۔ کپتان سرفراز احمد بھی میچ کے دوران جمائیاں لیتے رہے جبکہ کچھ کھلاڑی بھارت کے ساتھ میچ سے پہلے سیر سپاٹے اور پارٹی کرتے رہے۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، وائرل ہونے والی تصویر اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک کے ساتھ امام الحق، وہاب ریاض اور ثانیہ مرزا رات گئے تک شیشہ بار میں موجود ہیں۔

تاریخ اشاعت : پیر 17 جون 2019

Share On Whatsapp