پاکستان کا 35ویں ایشین مینز، ساتویں ایشین ٹیم اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپس کیلئے 4 رکنی ٹیم کا اعلان، ٹیم کل قطر روانہ ہو گی

اسلام آباد : پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس ای) نے آئندہ ہفتے قطر میں شیڈول 35ویں ایشین مینز، ساتویں ایشین ٹیم اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کیلئے چار رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا، ایونٹ 16 سے 28 جون تک کھیلا جائے گا جس میں محمد بلال، اسجد اقبال، ذوالفقار عبدالقادر اور بابر مسیح ملک کی نمائندگی کریں گے، قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے کل جمعہ کو قطر روانہ ہو گی۔
جمعرات کو پی بی ایس اے کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قطر میں شیڈول تین چیمپئن شپس کیلئے چار کیوئسٹس کا چنائو کیا گیا ہے جن میں محمد بلال، اسجد اقبال، بابر مسیح اور ذوالفقار عبدالقادر شامل ہیں، امید ہے کہ کیوئسٹس ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے، ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے کل جمعہ کو قطر روانہ ہو گی، پی بی ایس اے میڈیا کو آرڈینیٹر نوید کپاڈیہ بھی ٹیم کے ہمراہ جائیں گے اور وہاں پر بطور ریفری فرائض انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ محمد بلال اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستانی اے ٹیم تینوں چیمپئن شپس کے ختم ہونے کے بعد قطر میں ہی 29 جون سے 2 جولائی تک شیڈول دوسری آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم کپ میں شرکت کرے گی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp