کراچی کے رہائشی ایک شخص کی شادی شدہ سابقہ گرل فرینڈ کو بلیک میل کرنے کی کوشش

خاتون کے شوہر نے بیوی سے نالاں ہونے کی بجائے سائبر کرائم سیل کو شکایت کر کے مثال قائم کر دی

کراچی : : کراچی میں ایک شخص نے اپنی شادی شدہ سابقہ گرل فرینڈ کو بلیک میل کرنے کی دھمکی دی تو ڈری سہمی خاتون نے سب کچھ اپنے خاوند کو بتا دیا ۔ خاوند کو جب اس بات کا علم ہوا تو اس نے اپنی بیوی سے خفا ہونے کی بجائے قانونی کارروائی کرنے کی ٹھانی اور سب کچھ سائبر کرائم سیل کو بتا دیا جنہوں نے بلیک میل کرنے والے شخص کی تصویر میڈیا چینلز پر چلوا دی جس سے بلیک میلر کی خوب بدنامی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقہ فیڈرل بی ایریا کا رہائشی شعیب نامی شخص بیرون ملک ملازمت کرتا تھا اور چُھٹیوں پر پاکستان آیا تھا۔ پاکستان واپس آنے پر اُس نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو کال کرنے کا سوچا تو معلوم ہوا کہ اُس کی شادی ہو چکی ہے۔ گرل فرینڈ کے شادی شدہ ہونے کے باوجود شعیب نامی شخص نے اُس سے ملنے اور ناجائز تعلقات اُستوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور جب خاتون نے منع کیا تو اُس نے نہ صرف دھمکیاں دیں بلکہ یہ کہہ کر بلیک میل بھی کرنا شروع کر دیا کہ وہ تمام تصاویر اُس کے شوہر کو بھیج دے گا۔
یہ دھمکیاں ملنے کے بعد ڈری سہمی خاتون نے ساری روداد اپنے شوہر کو سنائی جس نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل سے رابطہ کیا اور ان کو اس کیس سے متعلق ساری تفصیلات فراہم کر دیں۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے فوری طور پر مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کی اور اس کی تصاویر میڈیا کو دے دیں۔ میڈیا پر خبر آنے کے بعد ملزم کو آس پاس موجود لوگوں کے سامنے شرمندگی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر وائرل ہوئی تو صارفین نے خاتون کے شوہر کے اقدام کی داد دی اور کہا کہ شوہر کا اقدام دیکھ کرایسا لگتا ہے کہ وہ پڑھا لکھا اور سمجھدار شخص ہے جس نے یہ سب سُن کر اپنی بیوی سے خفا ہونے کی بجائے اُس کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ اُس بلیک میلر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی۔ جبکہ انٹرنیٹ صارفین نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی بروقت اور فوری کارروائی کی بھی تعریف کی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp