David Warner Lauds 'overwhelming' Warm Reception By Pakistani Fans

ڈیوڈوارنر پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے بہترین رویے کے ”فین“ بن گئے

خود کو ملنے والے ریسپشن پر بے پنا ہ خوشی محسوس کررہاہوں: کینگرو اوپنر

ٹانٹن : آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈوارنر پاکستان کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے بہترین رویے کے ”فین“ بن گئے ۔ میچ کے دوران سٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کی تعداد آسٹریلیوی مداحوں سے زیادہ تھی تاہم انہوں نے ڈیوڈ وارنر کو شاندار انداز سے خوش آمدید کہا جسے کینگرو اوپننگ بلے باز کی جانب سے بھی سراہا گیا۔32سالہ ڈیوڈ وارنر نے انسٹا گرام سٹوریز پر ایک تصویر شیئر کی جس میں پاکستانی شائقین کرکٹ انہیں سراہ رہے تھے،انہوں نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ” اس ریسپشن پر بے پناہ خوشی محسوس کررہا ہوں“۔
سوشل میڈیا صارفین پاکستانی شائقین کرکٹ کے اس رویے کو بھارتی کرکٹ مداحوں کی جانب سے سٹیو سمتھ کے ساتھ کی گئی بدتمیزی کے ساتھ جوڑ رہے ہیں جس کے باعث بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پریس کانفرنس کے دوران معافی مانگنی پڑی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کےخلاف شیڈول میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران ایک غیر ملکی صحافی نے سر فراز احمد سے سوال کیا کہ ’بھارت کے خلاف میچ کے دوران بھارتی شائقین نے سٹیو سمتھ اور ڈیو ڈ وارنر سے بدتمیزی کی تھی جس پر ویرات کوہلی کو ان سے معافی مانگنی پڑی تھی،آپکے خیال میں کیا پاکستانی شائقین کرکٹ بھی سمتھ اور وارنر بھی ایسا ہی سلوک کریں گے‘؟،۔
سرفراز احمد اس غیر ملکی صحافی کے سوال میں چھپی شر انگیزی بھانپ گئے اوراسے جواب دیا کہ ’میرے خیال میں پاکستانی شائقین بھارتیوں جیسی گری ہوئی حرکت نہیں کریں گے ، وہ کرکٹ اور کرکٹرز سے بے پناہ محبت کرتے ہیں “۔یاد رہے کہ دی اوول،لندن میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران بھارتی تماشائی آپے سے باہر ہوگئے اور سٹیو سمتھ پر آوازیں کسنے لگنے جسکے جواب میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اپنی بیٹنگ کے دوران تماشائیوں کے پاس گئے اور انہیں چپ رہنے کا مشورہ دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ویرات کوہلی اس واقعے پر بھارتی شائقین سے ناراض نظر آئے۔کوہلی نے کہا کہ سٹیو سمتھ نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا کہ انہیں تنگ کیا جاتا، بھارتی شائقین نے بری مثال قائم کی ہے۔بھارتی کپتان نے بھارتی شائقین کی جانب سے سٹیوسمتھ کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر آسٹریلوی کرکٹر سے معذرت بھی کی۔ 

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp