شہباز شریف کی طیارے میں چینی لڑکی سے گفتگو، مسافر حیران

چینی خاتون نے دوران گفتگو متعدد مرتبہ انہیں ''شہباز اسپیڈ'' کے نام سے مخاطب کیا، سیلفی بھی بنائی

اسلام آباد : : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو چینی لڑکی نے ''شہباز اسپیڈ'' کا خطاب دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے جب قومی ائیرلائن پی آئی اے کی ایک پرواز میں سفر کررہے تھے تو ایک چینی لڑکی نے انہیں پہچان لیا۔ جس کے بعد چینی لڑکی نے نہ صرف شہباز شریف کے ساتھ سیلفی بنائی بلکہ انہیں دوران گفتگو متعدد مرتبہ ''شہباز اسپیڈ'' کے نام سے مخاطب بھی کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بات چیت کے لیے انگریزی کی بجائے چینی زبان کا انتخاب کیا ۔ شہباز شریف نے نہایت روانی و آسانی کے ساتھ چینی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے سی پیک پر ہونے والے کام کی تعریف کی۔ مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کو روانی کے ساتھ چینی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھ کر پرواز میں موجود دیگر مسافروں کو ''خوشگوار'' حیرت ہوئی جب کہ چینی لڑکی نے شہباز شریف کی جانب سے چینی زبان میں بات چیت کرنے پر نہایت خوشی کا اظہار کیا۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے ساتھ چینی لڑکی کی سیلفی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی کافی وائرل ہوئی۔ خیال رہے کہ اپنے دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چین کی مدد سے کئی پراجیکٹس کا آغاز کیا تھا جس کے لیے وہ اکثر و بیشتر ہی چین کا دورہ کرتے تھے۔ چینی باشندوں کے درمیان رہنے اور ان سے زیادہ گفتگو کرنے کی وجہ سے ہی سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو چینی زبان پر عبور حاصل ہوا ، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پرواز میں ملنے والی چینی لڑکی سے انگریزی زبان میں گفتگو کرنے کی بجائے چینی زبان میں گفتگو کرنے تو ترجیح دی۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp