عمران نیازی کو پتا ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آیا ہے

مشرف کیخلاف تحقیقات کرتے ہوئے اس کے پَر جلتے ہیں،مریم نواز

لاہور :    پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نیازی کو پتا ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آیا ہے اور یہ عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن فرار ہو جائے گا۔ظفر وال میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا جیتا ہوا 2018 کا الیکشن چوری ہوا تھا، ن لیگ کی حکومت تھی تو ملک اوپر جا رہا تھا، بجلی کے منصوبے لگ رہے تھے اور دہشت گردی ختم ہو رہی تھی لیکن نواز شریف کو اقامے جیسے مذاق پر وزیراعظم کی کرسی سے ہٹا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کے ذریعے عوام پر قیامت ٹوٹی ہے، آج کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا۔وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے ساری عمر دوسروں کی جیبوں کا کھایا ہو اسے کیا پتا عام آدمی کیسے گزارا کرتا ہے، جس نے ساری زندگی محنت نہیں کی اسے کیا پتا محنت کش کے گھر روٹی کیسے بنتی ہے، نیازی کو صرف ”گو “نہیں کہنا بلکہ اسے گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 300 کینال کے گھر میں رہتا ہے اور صرف ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے، کسی میں اتنی جرات ہے کہ اس اشتہاری کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ بنی گالہ کا گھر بغیر این او سی کے تعمیر ہوا لیکن کسی میں ہمت ہے کہ وہ گھر کو گرائے؟ عمران خان نے کبھی کوئی کاروبار نہیں کیا، کبھی کوئی نوکری نہیں کی، کیا نیب میں اتنی جرات ہے کہ عمران خان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ بنائے۔
مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ مقدموں سے کس کو ڈراتے ہو؟ نواز شریف کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا ہوئی، مشرف کے دور میں 14 ماہ قید کاٹ چکا ہے اور سات سال جلا وطن رہا۔نیازی کی حیثیت نہیں این آر او دینے کی، چند دن بعد خود این آر او مانگے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ نیازی کو پتا ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آیا ہے،نیازی عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن فرار ہو جائے گا، اس کے بچے اور سب کچھ وہیں ہے۔
جعلی حکومت کو آئے 10 ماہ ہو گئے ہیں، عمران خان بتاو¿ 10 ماہ میں کیا کیا؟وزیراعظم کے انکوائری کمیشن کے اعلان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب، 10 سال قبل کی تحقیقات کیوں نہیں کرتے کہ اس وقت مشرف تھا، مشرف کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے عمران نیازی کے پَر جلتے ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 13 جون 2019

Share On Whatsapp