ڈولفن فورس شاہراہوں پر پٹرولنگ اور سنائپ چیکنگ کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنائیں، آئی جی

لاہور۔12 جون : انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ ڈولفن فورس شاہراہوں پر پٹرولنگ اور سنائپ چیکنگ کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنائیںجبکہ ڈکیتی ، راہزنی کی وارداتوں میں ملوث کریمنلز کے خاکوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ڈولفن اہلکار سنائپ چیکنگ کریں تاکہ چیکنگ کے نتیجے میں عام شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ڈولفن کی ویجیلینس ٹیمیں اپنا کردار مزید موثر طور پر ادا کرتے ہوئے شاہراہو ں پر پٹرولنگ ٹیموںکو مانیٹر کریںاور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت ذمہ داران کے خلاف کاروائی میں قطعی رعائیت نہ برتی جائے جبکہ بیٹس میںرہنے والی تمام پٹرولنگ ٹیمیں سیف سٹی اتھارٹی میں بیٹھے مانیٹرنگ افسران کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیںتاکہ کرائم ، حادثے یا ایمر جنسی کی صورت میں ڈولفن فورس کا رسپانس ٹائم مزید بہتر ہوسکے ۔
انہوں نے تاکید کی کہ دوران پٹرولنگ اور چیکنگ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرم گفتاری کے ساتھ پیش آیا جائے اور پٹرولنگ ٹیموں کے منتخب کردہ صرف ٹیم لیڈر سنائپ چیکنگ کے دوران شہریوں کے ساتھ بات چیت کریں جبکہ بلاوجہ کسی شہری یا فیملی کو چیکنگ کے نام پر ہر گز نہ روکاجائے ۔ انہوں نے ایس پی ڈولفن بلال ظفر کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر انہیں شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے ڈولفن فورس کی پرفارمنس بہتر بنانے کیلئے ریفریشر کورسز اوردیگر ایس او پیز تیار کئے ہیں اسی طرح ان ایس او پیز پر عمل در آمد کو بھی بھرپور محنت اور جذبے کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈولفن فورس کی پٹرولنگ اور پرفارمنس سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس کے دوران ایس پی ڈولفن بلال ظفر نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ضلعی دارالحکومت میں ڈولفن فورس نے سٹریٹ کرائمز میں ملوث 109خطرناک گینگز کو گرفتارکیا ہے جس کی بدولت شہر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
عوام کے ساتھ ڈولفن فورس کے رویے اور برتائو کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ لاہور میں ڈولفن اہلکاروں کی دوران پٹرولنگ مانیٹرنگ کے لئے 24ویجیلینس ٹیمیں بنادی گئی ہیں جبکہ ڈولفن اہلکار پبلک ڈیلنگ کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر کو عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنارہے ہیں ان اقدامات کی بدولت گذشتہ 6ماہ کے دوران ڈولفن فورس کے خلاف عوامی شکایات میں بھی 49فیصد کمی آئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ڈولفن فورس کی بہتر پرفارمنس پر افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ ڈولفن فورس کی استعداد کار میں مزید اضافے کیلئے ریفریشر کورسز اور تربیتی ورکشاپس میں تیزی لائی جائے اور ڈولفن اہلکاروں کو جدید تقاضوں کے مطابق کرائم کنٹرول کے حوالے سے خصوصی مہارتیں بھی سکھائی جائیں تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کر سکیں ۔
آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ دوران پٹرولنگ مشکوک گاڑیوں ، موٹر سائیکلوںاور افراد کی چیکنگ کا عمل طے شدہ ایس او پیز کے مطابق انجام دیا جائے اور ڈیوٹی کے دوران عوامی سہولت کے ہرپہلو کو ترجیح دی جائے ۔ اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ،ڈی آئی جی آپریشن کیپٹن (ر) عطا محمد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان اور ایس پی ڈولفن بلال ظفر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 12 جون 2019

Share On Whatsapp