مستحق افراد کیلئے ای خدمت مراکزپر ون ونڈوویلفیئر کاؤنٹرزبنائے جارہے ہیں جہاں سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سروسز فراہم کی جائیں گی

, وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی سے گفتگو

لاہور۔12 جون : وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے بد ھ کے روز وزیراعلیٰ آفس میں وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی نے ملاقات کی،جس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محروم معیشت افراد کی فلاح وبہبود کے حوالے سے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا کردار بہت اہم ہے اورموجودہ حکومت مستحق خواتین، ضرورت مند بچوں اور بے آسرا بزرگوں کی فلاح و بہبود کوبے حد مقدم سمجھتی ہے اور پنجاب میں نئی سوشل پروٹیکشن پالیسی کے ذریعے مستحق افراد کی فلاح وبہبودکا وعدہ پورا کریں گے۔
سوشل پروٹیکشن پالیسی کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے، اسی مقصد کے لئے مستحق خواتین، بچوں اوربزرگوں کے لئے خصوصی پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں اور کم وسیلہ طبقات کی براہ راست فلاح وبہبود کیلئے نئے پروگرامز تشکیل دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مستحق خواتین،بچوں اوربزرگوں کی سہولت کیلئے ای خدمت مراکزپر ون ونڈوویلفیئر کاؤنٹرزبنائے جارہے ہیں اور ان کے ذریعے مستحق خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ خواجہ سراء بچوں کیلئے تعلیم،مفت علاج، سکریننگ، قانونی اورنفسیاتی مشاورت اورشیلٹر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے دیہی خواتین کو معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے پسماندہ طبقے کی فلاح وبہبود ہمارا نصب العین ہے۔ اس مو قع پرپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھی-

تاریخ اشاعت : بدھ 12 جون 2019

Share On Whatsapp