سپریم کورٹ کا شوگر ملز کی جانب سے کاشتکاروں کو معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق کیس میں جمعہ تک چیک جمع کرانے کاحکم

برادرز شوگرملز,پتوکی شوگرملز اور دریا خان شوگر ملزکو ایک ماہ کے اندر بقایا جات کلیئر کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ۔ : سپریم کورٹ نے شوگر ملز کی جانب سے کاشتکاروں کو معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق کیس میں جمعہ تک چیک جمع کرانے کاحکم جار ی کرتے ہوئے برادرز شوگرملز,پتوکی شوگرملز اور دریا خان شوگر ملزکو ایک ماہ کے اندر بقایا جات کلیئر کرنے کی ہدایت کی ہے اورواضح کیا ہے کہ عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہونے پر متعلقہ ملز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اوراگرکوئی چیک باؤنس ہوا یا جمع نہ کرایاگیا تو پھر کسی کیلئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔
بدھ کوشیخ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیاکہ اس وقتبرادرز شوگر مل کے ذمہ کل واجب الادا رقم 678.9 ملین روپے ہی, جبکہ دریا خان شوگر مل کے ذمے 57 ملین روپے کے بقایا جات ہیں، اس طرح پتوکی شوگر مل کے ذمے 591 ملین روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں، جس پرعدالت نے ہدایت کی کہ شوگر ملز مالکان جمعہ تک اپنے چیک کین کمشنر کے حوالے کریں، جس کے بعدکین کمشنر چیک متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے حوالے کریں گے، تاہم چیک متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے نام پر جاری کئے جائیں، سماعت کے دورا ن فاضل عدالت نے کہاکہ اگرجمعہ تک چیک جمع نہ ہوئے تو ہفتے کو ایڈووکیٹ جنرل آفس اس معاملے میں عدالت میں درخواست دائر کریں ۔
شوگر ملز مالکان چیک جمعہ تک کین کمشنر کے حوالے کریں اوراگرعدالت کے ساتھ کمٹمنٹ کے مطابق عمل نہیں کیاگیاتو متعلقہ افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی ۔

تاریخ اشاعت : بدھ 12 جون 2019

Share On Whatsapp