ضلع بنوں کے علاقہ بیزن خیل کے ڈیڑھ سالہ بچے کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق

پشاور : قومی ادارہ صحت نے ضلع بنوں کے علاقہ بیزن خیل کے ڈیڑھ سالہ بچے کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد رواںسال کے دوران خیبر پختو نخوا میںپولیو کیسز کی مجموعی تعداد 14جبکہ ملک بھر میں 20 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں کے علاقہ بیزن خیل علاقے میں ماہ رواں کے دوسرے ہفتہ میں وحید اللہ نامی شخص کے ڈیڑھ سالہ بچے مخلص کے پولیو وائرس سے متا ثر ہونے کے آثار سامنے آئے جس پراس کے فضلہ کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں سے موصول ہونے والی تفصیلی تجزیہ رپورٹ میں قومی ادارہ صحت نے مخلص کے پولیو وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کردی۔
بیزن خیل بنوں کے اس متاثرہ بچے کے چچا کے مطابق بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کی کوئی خوراک نہیں دی گئی تھی ۔سال2019ء کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں سامنے آنے والا پولیو کا یہ14واں کیس ہے جبکہ قومی ادارہ صحت کی جانب سے اس کیس کی تصدیق کے بعد سال رواں کے دوران ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد20ہوگئی ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 30 مئی 2019

Share On Whatsapp