Mickey Arthur Happy With Shadab Khan Fitness

شاداب خان کی ورلڈ کپ کیلئے دستیابی پر مکی آرتھر مسرور

نوجوان لیگ سپنر کو پاکستانی ٹیم میں خوش آمدید کہنے کیلئے بیتاب ہوں:قومی ہیڈ کوچ

لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر مکمل فٹ لیگ سپنر شاداب خان کی ورلڈ کپ کیلئے دستیابی کی خبر سن کر پھولے نہیں سما رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان کرکٹر کو ٹیم میں خوش آمدید کہنے کیلئے بیتاب ہیں۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ شاداب خان موجودہ دور کا بہترین سپنر اور ٹیم کا اہم رکن ہے جس کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت اور ڈریسنگ روم میں موجودگی سے تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند رہتے ہیں اور کھلاڑیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی تحریک پیدا ہو جاتی ہے جس سے نتائج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے آنے سے نوجوان اور باصلاحیت سکواڈ میں مزید توازن پیدا ہو جائے گا اگرچہ انہیں اس بات کا بھی بخوبی علم ہے کہ شاداب خان کو اپنی سو فیصد اور بہترین روایتی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے ابھی کچھ وقت درکار ہو گا کیونکہ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے کرکٹ نہیں کھیلے ہیں لیکن ورلڈ کپ میں چونکہ پاکستان کا پہلا میچ 31 مئی کو ہے لہٰذا دو ہفتے کے دوران وہ مکمل فارم اور فٹنس کے حصول میں کامیاب ہو جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کو چ کا کہنا تھا کہ شاداب خان ایک بہادر کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ پھر فٹنس بحال کر کے اس بات کا ثبوت فراہم کردیا ہے اور اب امید ہے کہ وہ میگا ایونٹ کے ابتدائی مقابلے سے قبل مکمل طور پر فٹ ہو کر سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے اور ان کی عمدہ کارکردگی پاکستانی ٹیم کی کامیابی میں معاون ثابت ہو گی۔

تاریخ اشاعت : بدھ 15 مئی 2019

Share On Whatsapp