Imam-ul-Haq Is Only The 5th Pakistan Batsman To Score 150plus In ODIs And, At 23 Years And 153 Days, The Youngest To Do It

امام الحق ون ڈے کرکٹ میں 150رنز سکور کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے

اوپنر27میچز کے بعد ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے

لاہور : قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق ون ڈے کرکٹ میں 150رنز سکور کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں ۔23سالہ امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف تیسر ے ون ڈے میں151رنز کی باری کھیلی ،وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے 5ویں پاکستانی بلے باز ہیں ،انہوں نے23سال 153دن کی عمر میں یہ اعزاز اپنے نام کیا،یہ ”سینا ئی ممالک“(انگلینڈ،آئر لینڈ،جنوبی افریقہ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ) میں کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے بنایا گیا دوسرا بہترین انفرادی سکور ہے،اس سے قبل شرجیل خان اگست 2016ءمیں آئر لینڈ کےخلاف152رنز کی باری کھیل چکے ہیں ،امام الحق اب تک27ون ڈے میچز کی 27اننگز میں4مرتبہ ناٹ آﺅٹ رہتے ہوئے60.04کی اوسط سے1381رنز سکورکرچکے ہیں جن میں6سنچریاں اور5نصف سنچریا ں شامل ہیں،انہوں نے یہ رنز82.20کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں،وہ 27میچز کے بعد ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو،صفر کی برتری حاصل کرلی۔برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 359 رنز کے بڑے ہدف کو انگلش بلے بازوں نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا، جیسن روئے اور بیرسٹو پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 159 کی قیمتی پارٹنرشپ قائم کی، روئے 76 اور بیرسٹو 128 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
جو روٹ 43،بین سٹوکس 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کےساتھ ناقبل شکست رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے ایک بار پھر بولنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور کوئی بھی بولر متاثر کن کارکردگی پیش نہ کرسکا، جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم کا آغاز ایک بار پھر اچھا نہ رہا اور اوپننگ جوڑی صرف 7 رنز پر ٹوٹ گئی، پچھلے میچ میں سنچری بنانےوالے فخر زمان اس بار فیل ہوگئے اور صرف 2 رنز پر چلتے بنے جبکہ بابر اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 15 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
27 رنز پر وکٹیں گرنے کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم حارث سہیل 95 کے مجموعے پر رن آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 41 رنز بنائے۔کپتان سرفراز احمد نے اوپنر امام الحق کے ساتھ مل کر 65 رنز جوڑے اور 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جب کہ امام الحق نے 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی ، وہ 151 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
آصف علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں 3 زبردست چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 359 رنز بنائے، عماد وسیم 22،فہیم اشرف 13اور شاہیں آفریدی 7 رنز پر پویلین لوٹے جب کہ حسن علی 18 اور جنید خان صفر پر ناٹ آﺅٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں،کرن نے 2، پلنکٹ اور ڈیوڈ ویلے نے 1 ،1وکٹ حاصل کی۔

تاریخ اشاعت : بدھ 15 مئی 2019

Share On Whatsapp