تمام تر وسائل بروئے کار لاکر پنجاب سمیت پورے پاکستان سے پولیو کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا‘وزیرمملکت صحت ظفر مرزا

صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کیلئے انتظامیہ اور محکمہ صحت کو آن بورڈ ہونا ہوگا‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

لاہور : وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرمملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) زاہد سعید، چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر، صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اخترزمان، صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، سپیشل سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں لاہور میں پولیو کیسز سامنے آنے کی وجوہات اور انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کے حوالہ سے جامع مشاورت کی گئی۔اس کے علاوہ لاہور میں پولیو کیسز کے سامنے آنے کی تمام وجوہات پر غور اور آئندہ لائحہ عمل پر اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پرصوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان نے وزراء اور متعلقہ حکام کو انسداد پولیو مہم کے تمام عوامل پر بریفنگ دی۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے لوگوں کی سوچ کو بدلنے کیلئے انتہائی مؤثر حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی۔ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم کو مؤثر بنانے کیلئے انتظامیہ اور محکمہ صحت کو آن بورڈ ہونا ہوگا۔ افسران پاکستان سے پولیو کو ختم کرنے کیلئے قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے تمام تر توانائیاں خرچ کریں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ میڈیا، علماء اور معاشرہ کی سوچ کو بدلنے والے تمام سٹیک ہولڈرز کو انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیرمملکت صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ تمام تر وسائل بروئے کار لاکر پنجاب سمیت پورے پاکستان سے پولیو کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں بہترین طبی سہولیات متعارف کروانا انتہائی ضروری اور خوش آئند ہیں۔ معاشرہ سے پولیو کو ختم کرنے کیلئے ہر ایک فرد کو سنجیدگی سے سوچناہوگا۔ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے وفاق ہرقسم کی مدد کرنے کو تیار ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 9 مئی 2019

Share On Whatsapp