فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اورچلڈرن ہسپتال کے درمیان ٹریننگ و ہیلتھ سروسزکے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیح ہے‘وزیرصحت یاسمین راشد

لاہور : وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی ہدایت پرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اورچلڈرن ہسپتال کے درمیان ٹریننگ و ہیلتھ سروسزکے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر برطانوی ماہرطب ڈاکٹرگیرلڈمیسن، وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹرمسعودصادق، ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹرسلیم، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹرفیاض بٹ اوردیگرفیکلٹی ممبران بھی موجودتھے۔
وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان اورڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے دستخط کے بعدیادگاری دستاویزات کاتبادلہ کیا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ دونوں ہسپتالوں میں ٹریننگ و ہیلتھ سروسزکامعاہدہ انتہائی خوش آئندہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اورچلڈرن ہسپتال کے مابین معاہدہ کابنیادی مقصدڈاکٹرحضرات کی جدید تقاضوں کے مطابق پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ اورصحت سہولیات مزیدبہترکرکے مریضوں کوسہولت دیناہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تاریخ اشاعت : پیر 15 اپریل 2019

Share On Whatsapp