میں صحت یاب ہو کر گھر پہنچ چکا ہوں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو اللہ ہدایت دے،عطااللہ عیسیٰ خیلوی

ستارہ امتیاز لیتے وقت میں پاؤں پر کھڑا بھی نہیں ہو سکتا تھا لیکن اب میری صحت بہتر ہے، جلد آواز کا جادو جگاؤں گا

میاں والی : عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں ٹھیک ہو کر اپنے گھر پہنچ چکا ہوں اور اب بہت بہتر ہوں۔ عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں اڑائی جارہی تھیں کہ خدانخواستہ وہ انتقال کر گئے ہیں لیکن اب انہوں نے اپنے وڈیو پیغام میں ان تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں دینے والوں کو اللہ ہدایت دے۔
عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ ستارہ امتیاز لیتے وقت میں اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا تھا اور بیماری کی وجہ سے میرا ایک شو بھی متاثر ہوا جبکہ ملتان میں شدید بیماری کی حالت میں میں نے ایک شو کیا۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 13اپریل کو دبئی میں شو کریں گے اور اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
عطااللہ عیسیٰ خیلوی پاکستان کے لیجنڈ گلوکار ہیں جنہوں نے سرائیکی، اردو اور پنجابی میں سینکڑوں گیت گائے ہیں اور ابھی بھی فنِ موسیقی کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ انکا سیاسی تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے جس کے لیے انہوں نے کئی نغمے بھی گائے۔ گزشتہ دنوں وہ بیمار تھے اور انہیں ہسپتال داخل کروایا گیا تھا لیکن جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر افواہیں اڑ رہی تھیں کہ وہ دنیا میں نہیں رہے لیکن اب انہوں نے خود وڈیو پیغام کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کر دی ہے اور اپنے چاہنے والوں کو صحت یابی کی دعا کرنے پر شکریہ بھی کہا ہے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 5 اپریل 2019

Share On Whatsapp