وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ، سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کے تحت دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

اسلام آباد : وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور ایئرپورٹ پر وزارت صحت کے ادارے سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کے تحت دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، خاص طور پر حج کے دوران حاجیوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کی طر ف سے حاجیوں کو ڈیپارچر پر امیگریشن کلیئر کرنے میں ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائز ہ لیا۔
دورے کے دوارن وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 198 ممالک کی طرح ڈبلیو ایچ او کے انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن 2005ء پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے مربوط اقدامات کر رہا ہے۔ ایئرپورٹس پر پولیو ویکسینیشن کے نظام کو یقینی بنا یا جا رہا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزارت ہیلتھ نے چار بڑے ایئرپورٹس اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور ایئرپورٹس پر تھرمو سکین لگا دیئے ہے، ان اقدامات سے ایئرپورٹس پر عوام کو متعدی امراض سے بچایا جا سکے گا۔
وبائی امراض کے بین السرحدی پھیلائو کو روکنے کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ ایئر پورٹس پر میڈیکل کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی سرحدوں پر متعدی امراض کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس سے انٹرنیشنل سرحدوں پر بیماریوں کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
خاص طور پر سست بارڈر، کراچی، اسلام آباد اور گوادر کے انٹرنیشنل بارڈر پر متعدی امراض کی روک کے لیے موجودہ صحت کی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا متعدی امراض کی روک تھام ملک کے لئے تمام ایئرپورٹس پر سکریننگ کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے اور جلد ہی سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کی ویب سائٹ لانچ کر دی جائے گی جہاں پر انٹرنیشنل مسافر سفر سے متعلق معلومات لے سکیں گے۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 4 اپریل 2019

Share On Whatsapp