نیب میں پیشی سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کا شاعرانہ انداز

سوشل میڈیا پر حبیب جالب کا شعر پوسٹ کر دیا

راولپنڈی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو راولپنڈی کے سامنے پیش ہونے سے قبل شاعرانہ انداز اپنا لیا۔  حبیب جالب کی مشہور نظم کے اشعار سوشل میڈیا پر شیئر کر دیئے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نیب راول پنڈی میں پیشی سے قبل حبیب جالب کے یہ اشعار بلاول بھٹو کے ذاتی اکاونٹ سے پیش کیے گئے۔
میں بھی خائف نہیں تختہِ دار سے
میں بھی منصور ہوں کہہ دو اغیار سے
کیوں ڈراتے ہو زنداں کی دیوار سے
ظلم کی بات کو جہل کی رات کو
میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو(نیب )میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بدھ 20 مارچ کو اپنے وکلا اور پارٹی رہنماوں کے ہمراہ نیب میں پیش ہوں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک بھر سے جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کی پنجاب قیادت 20 مارچ کی صبح لاہور سے اسلام آبادکیلئے روانہ ہوگی۔واضح رہے کہ نیب نے 20 مارچ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 20 مارچ 2019

Share On Whatsapp