پاکستان میں انسانی حقوق کیلئے سرگرم معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کی پہلی برسی منائی گئی

اسلام آباد : پاکستان میں انسانی حقوق کیلئے سرگرم معروف وکیل عاصمہ جہانگیر کی پہلی برسی منائی گئی ۔عاصمہ جہانگیرغلام جیلانی ملک کے یہاں 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کنیئرڈکالج لاہور سے بی اے اورپنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور پھر اپنی محنت شاقہ سے نکھرتی اور اٴْبھرتی چلی گئیں۔عاصمہ جہانگیرجنرل یحی خان کی آمریت کے خلاف نوعمری میں عملی سیاست کیلئے باہر نکلیں،جنرل ضیا کا دور آمریت ہو ، جنرل مشرف کی ایمرجنسی ہو یا پھر عدلیہ بحالی تحریک انہوں نے بہادری سے آواز اٹھائی اور قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں۔
حدود آرڈیننس ہو، مزدوروں کے حقوق ہوں یا خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ نا انصافی ہو عاصمہ جہانگیر ہر محاذ پر لڑیں۔ وہ بھارت کے ساتھ دوستی کی قائل تھیں اور جمہوریت کی بالادستی چاہتی تھیں۔عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کمیشن کی بنیاد رکھی اور سپریم کورٹ بار کی صدربھی رہیں۔ انہوں نے کئی انٹرنیشنل ایوارڈزاپنے نام کیے اور 11 فروری 2018 کو برین ہمریج کے باعث اٴْن کا انتقال ہوگیابعد از مرگ انہیں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔عاصمہ جہانگیر کو دنیا بھر میں ایک بہادر خاتون کہا جاتا تھا۔

تاریخ اشاعت : پیر 11 فروری 2019

Share On Whatsapp