اسکول جانے والے تمام بچوں کیلئے پولیو ویکسین لازمی قرار

ْبچوں کو پولیو ویکسین کرانے سے انکار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی : وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے اسکول جانے والے تمام بچوں کیلئے پولیو ویکسین لازمی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ بچوں کو پولیو ویکسین کرانے سے انکار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔جمعرات کو وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کی صدارت میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت عذرہ پیچوہو، چیف سیکرٹری سندھ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی سندھ سمیت سیکرٹریز تعلیم، خزانہ، صحت اور ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔
دوران بریفنگ وزیراعلی کو بتایاگیا کہ سندھ میں 2018 میں ایک پولیو کیس کراچی سے ظاہر ہوا جبکہ2019 میں کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ ماحولیاتی نمونے سے معلوم ہوا ہے کہ ایک پولیو وائرس کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ، محمد خان کالونی، اورنگی نالہ اور ہجرت کالونی میں موجود ہے، دیہی علاقوں میں پولیو وائرس نیو سکھر کے علاقے میں پایا گیا۔
پولیو ویکسین 85 فیصد ٹارگیٹڈ بچوں کو دی گئی ہے، جنوری تک 88472 بچے پولیو ویکسین کیلئے گھروں پر موجود نہیں تھے جبکہ 86863 بچوں کے والدین نے ویکسین لینے سے انکار کیا۔ وزیراعلی مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری کو پولیو مہم اور اس کے وائرس کے خاتمے کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ لینے اور نئے بھرتی کئے گئے 1733 ویکسینیٹرز کا فوری تربیت کے عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی سندھ نے اسکول جانے والے تمام بچوں کیلئے پولیو ویکسین لازمی قرار دیتے ہوئے کہا بچوں کو پولیو ویکسین کرانے سے انکار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبہ بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،گزشتہ سال ایک کیس ہونا افسوس کی بات ہے لیکن یہ اچھی بات ہے کہ ایک پولیو وائرس بھی صوبہ سے ختم ہو ہو رہا ہے ۔

تاریخ اشاعت : جمعرات 7 فروری 2019

Share On Whatsapp