قوم نے انتہا پسندقوتوں کا ایجنڈہ مسترد کر کے انہیں ناکام بنا دیا ‘مولانا سید عبد الخبیرآزاد

, ’پیغام پاکستان ‘‘پوری قوم کی متفقہ آواز ہے ،پاکستان امن وسلامتی کا گہوارہ ہے‘خطیب بادشاہی مسجد لاہور

لاہور : بادشاہی مسجد لاہورکے خطیب وامام اور مجلس علماء پاکستان کے چیئر مین مولاناسید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ ’’پیغام پاکستان‘‘ پوری قوم کی متفقہ آواز اور قومی تحریک ہے ہے ،جو تمام تر دشواریوں کے باوجود پوری کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام اور قائدین نے’’ پیغام پاکستان‘‘ کی کامیابی کیلئے جو آواز بلند کی ہے اور جدو جہد کی ہے اس سے قوم میں شعور کی نئی لہر اور تازہ جذبہ پیدا ہوا ہے۔
جمعة المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعصب ، تنگ نظری اور انتہا پسندی کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے ‘قوم نے انتہاء پسند قوتوں کا ایجنڈہ مسترد کر کے انہیں ناکام بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل دھڑکتے ہیں،پاکستان امن و سلامتی کاگہوراہ ہے‘ ماضی کے واقعات اب آئندہ کبھی رونما نہیںہوں گے۔
مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے تمام مکاتب فکر علماء کے قوم کے نام متفقہ مسیج’’پیغام پاکستان‘‘ کی کامیابی پوری قوم ا ور پاکستان کی کامیابی قرار دیا ‘’’پیغام پاکستان‘‘ کی پہلی سالگرہ پر انہوں نے تمام مکاتب فکر کے قائدین و جید علماء کرام کو مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے ’’پیغام پاکستان ‘‘کی آواز کو مزید کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ علماء اپنے خطبات میں ’’پیغام پاکستان‘‘ کے ایجنڈے اور نکات کو عام کریں۔
انہوں نے افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کی خدمات اور جدو جہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان و قومی سلامتی کے تمام اداروں کی بے مثال جدو جہدا ور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں یہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے افواج پاکستان کی ملک کی خاطر قربانیاں بے مثال ہیں۔آخر میں مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے پیغام پاکستان کے اس مشن کو گھر گھر لے جانے اور اسے عام کرنے کی خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس پیارے پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اس پیغام پاکستان کو گھر گھر عام فرمائے۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 11 جنوری 2019

Share On Whatsapp