سعودی مملکت میں ٹریفک اہلکاروں کو نئی ہدایات جاری کر دی گئیں

کسی بھی گاڑی کا چالان کرنے سے قبل اُس کی تین مختلف زاویوں سے تصاویر لینا ہوں گی

ریاض : محکمہ ٹریفک کی جانب تمام ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی گاڑی کا چالان کرنے سے قبل اُسے روکیں، پھر اُس کی مختلف زاویوں سے 3 تصاویر بنائیں تاکہ خلاف ورزی کے واقع نہ ہونے کے حوالے سے کوئی شک شُبہ باقی نہ رہے۔تحریری طور پر جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک اہلکار چالان کرتے وقت گاڑی کے کاغذات کی فوٹو کاپی ضرور وصول کریں۔
اس کے بغیر ٹریفک خلاف ورزی کا دعویٰ قابلِ قبول تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اگر کوئی ٹریفک اہلکار دیکھے کہ کسی گاڑی کے شیشوں پر کالا سٹیکر لگایا گیا ہے، یا گاڑی غلط انداز سے پارک ہوئی ہے، یا معذوروں کے لیے مختص پارکنگ میں کھڑی کی گئی ہے ، جبکہ گاڑی کا مالک بھی وہاں موجود نہ ہو ایسی صورت میں گاڑی کی تین مختلف زاویوں سے تصاویر لے کر اس کا چالان کیا جائے۔
ٹریفک اہلکار کو یہ اختیار ہے کہ وہ خلاف ورزی کی مرتکب کسی گاڑی کو روکے بغیر بھی اُس کی تصاویر کھینچ کر نیشنل انفارمیشن سنٹر بھیج سکتا ہے جہاں سے گاڑی کے مالک کو چند منٹ کے اندر ٹریفک خلاف ورزی سے متعلق ٹیکسٹ میسج وصول ہو جائے گا۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق باشر سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں کے بارے میں لوگوں نے اعتراضات اور شکایات کی بھرمار کر دی تھی۔ جس کے باعث ٹریفک اہلکاروں کو تازہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تاریخ اشاعت : جمعہ 11 جنوری 2019

Share On Whatsapp