2017ء سے پمز میں ذہنی امراض کے 39 ہزار مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے‘

وفاقی دارالحکومت میں ذہنی امراض کا کوئی الگ سے ادارہ نہیں پمز ،پولی کلینک میں ان مریضوں کے علاج کیلئے الگ الگ شعبے قائم کئے گئے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے 80 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے، سیکٹر ایف سکس فور میں موجود سرکاری رہائش گاہوں کو منہدم کرکے اس کی جگہ 10 منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی تجویز پر وفاقی کابینہ نے 2016ء میں تمام فریقین کی مشاورت سے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھا، سی ڈی اے اور کیڈ کی طرف سے تاحال تجاویز کا انتظار ہے،نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے آئندہ مرحلے میں چترال سمیت مختلف اضلاع میں سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز کیا جائے گا،آئندہ سال کوئٹہ کے حاجیوں کو براہ راست جدہ پہنچانے کا انتظام کیا جائیگا، 1992ء سے اب تک فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی شروع کردہ تمام ہائوسنگ سکیموں کے اراکین کی جانب سے جمع کردہ رقوم پر 2 ارب 62 کروڑ 22 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد منافع کی مد میں حاصل ہوئے، قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جوابات

اسلام آباد : قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ2017ء سے پمز میں ذہنی امراض کے 39 ہزار مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے‘ وفاقی دارالحکومت میں ذہنی امراض کا کوئی الگ سے ادارہ نہیں ہے تاہم پمز اور پولی کلینک میں ان مریضوں کے علاج کیلئے الگ الگ شعبے قائم کئے گئے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے 80 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے، سیکٹر ایف سکس فور میں موجود سرکاری رہائش گاہوں کو منہدم کرکے اس کی جگہ 10 منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی تجویز پر وفاقی کابینہ نے 2016ء میں تمام فریقین کی مشاورت سے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھا، سی ڈی اے اور کیڈ کی طرف سے تاحال تجاویز کا انتظار ہے،نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے آئندہ مرحلے میں چترال سمیت مختلف اضلاع میں سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آغاز کیا جائے گا،آئندہ سال کوئٹہ کے حاجیوں کو براہ راست جدہ پہنچانے کا انتظام کیا جائیگا، نزدیک ترین مقامات پر مکاتب حاصل کرنے اور ایئرلائن کے مسائل حل کرنے کیلئے بھی سعودی حکام کے ساتھ بات چیت کی جائیگی،وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے حوالے سے مذہبی سکالرز اور دانشوروں کے خیالات سے آگاہی کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی اور جب کبھی بھی ضرورت محسوس ہوئی وزارت اس سلسلے میں قانون سازی کی جائیگی،1992ء سے اب تک فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی شروع کردہ تمام ہائوسنگ سکیموں کے اراکین کی جانب سے جمع کردہ رقوم پر 2 ارب 62 کروڑ 22 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد منافع کی مد میں حاصل ہوئے۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران شازیہ مری نے کہا کہ آج دیوالی ہے‘ پاکستان میں ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں‘ ہمارے رکن رمیش لال نے خوشی کے اس موقع پر مٹھائی کا انتظام کیا ہے تمام ارکان مل کر ان کی خوشی میں شریک ہوں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر ساری ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔وزیر مملکت برائے ہائوسنگ و تعمیرات شبیر علی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 13 مارچ 1999ء کو سرکاری رہائش گاہوں کی نئی تعمیر پر پابندی لگا دی تھی اس کے بعد تنخواہ کے ساتھ ملازمین کو ہائوس رینٹ سیلنگ لگانے کا فیصلہ ہوا۔
انہوںنے بتایا کہ سیکٹر ایف سکس فور میں موجود سرکاری رہائش گاہوں کو منہدم کرکے اس کی جگہ 10 منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی تجویز پر وفاقی کابینہ نے 2016ء میں تمام فریقین کی مشاورت سے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کرنے کا حکم دیا تھالیکن تاحال سی ڈی اے اور کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن سے ان کی رائے کا انتظار ہے۔وزارت صحت کی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین خالد نے بتایا کہ جلسے جلوسوں میں آنے اور ڈرائیونگ لائسنس کے لئے درخواست دہندگان کے نفسیاتی معائنے کا ابھی تک کوئی قانون نہیں ہے تاہم جو حالات ہیں ان کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتظام بھی کرنا پڑے گا۔
تحریری سوال کے جواب میں وزارت صحت کی جانب سے قومی اسمبلی کو مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ذہنی صحت کے لئے کوئی ہسپتال یا ادارہ قائم نہیں کیا گیا ہے تاہم پمز اور پولی کلینک میں علیحدہ علیحدہ شعبہ نفسیات قائم ہے۔ پمز کا شعبہ نفسیات فعال ہے جبکہ ایف جی پی میں اس شعبے کی آسامیاں ایف پی ایس سی کی جانب سے مشتہر کردی گئی ہیں جنہیں جلد ہی پر کردیا جائے گا۔
دیگر دو ہسپتال فیڈرل جنرل ہسپتال اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلٹیشن (این آر آر ایم) میں ایسے شعبے موجود نہیں ہیں۔پمز میں 2017ء سے ذہنی امراض کے 39ہزار مریضوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے جبکہ 2017ء میں سکیورٹی سیمینار‘ اجتماع اور عوامی آگاہی کی سرگرمیاں منعقد نہیں کی گئی ہیں۔وزیر مملکت برائے ہائوسنگ شبیر علی نے بتایا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کا مختلف اضلاع میں کام شروع کردیا گیا ہے۔
چترال سمیت مختلف اضلاع میں بھی اس منصوبے کے تحت اگلے مرحلے میں سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، اس میں زیادہ تاخیر نہیں ہوگی اور ایک سال کے اندر اندر چترال کو بھی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں شامل کرلیا جائے گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج پالیسی 2019ء کی تشکیل کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے، فی حاجی کتنی رقم وصول کی جائیگی‘ یہ فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
جملہ فریقین بشمول نامزد ایئرلائن کے ساتھ مشاورت کے بعد اس کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا اور معزز ایوان کو اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نزدیک ترین مقامات پر مکاتب حاصل کرنے کے لئے بات چیت جاری ہے۔ ایئرلائن کے مسائل حل کرنے کے لئے بھی سعودی سول ایوی ایشن کے ساتھ بات کی جائے گی۔ نور الحق قادری نے کہا کہ رواں سال کوئٹہ کے حاجیوں کو درپیش مشکلات پر انہیں بہت تکلیف ہوئی۔
آئندہ سال کوئٹہ سے براہ راست جدہ تک حج پروازیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے حوالے سے مذہبی سکالرز اور دانشوروں کے خیالات سے آگاہی کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی اور جب کبھی بھی ضرورت محسوس ہوئی وزارت اس سلسلے میں قانون سازی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ریاست مدینہ میں مختلف مذاہب کے لوگ پرامن انداز میں قیام پذیر تھے‘ ہم بھی چاہتے ہیں کہ ریاست مدینہ کی تقلید کے طور پر تمام مذاہب کے لوگ پرامن انداز میں یہاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کے ساتھ اس سلسلے میں رابطے میں ہے۔
نفرت انگیز مواد کی اشاعت روکنے کے حوالے سے ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی کے سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ نفرت انگیز مواد کی اشاعت روکنے کیلئے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ وزارت مذہبی امور اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پیغام پاکستان میں اہم دستاویز کی اشاعت سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق دور کی اسلامائزیشن نے مسلمانوں کو تفرقے میں ڈالا ہے۔
ہم اس کی حمایت نہیں کر سکتے۔پارلیمانی سیکرٹری شاندانہ گلزار خان نے ایوان کو بتایا کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی سب سے کم قیمت گاڑی مہران وی ایکس آر یورو ٹو ہے جس کی قیمت 7 لاکھ 69 ہزار جبکہ سب سے مہنگی سوئفٹ اے ٹی نیوی ہے جس کی قیمت 16لاکھ 11 ہزار ہے‘ انڈس موٹر کمپنی کی سب سے کم قیمت گاڑی کرولا ایکس ایل آئی 1.3 سی سی 20 لاکھ 44 ہزار جبکہ سب سے مہنگی ایلٹس گرانڈی 29 لاکھ 99 ہزار ہے‘ ہنڈا موٹر کمپنی کی سب سے کم قیمت سٹی ایم ٹی 1.3 سی سی 17 لاکھ 89 ہزار ہے جبکہ سب سے زائد قیمت سویک ٹربو 1.5 وی ٹیک 29لاکھ 99 ہزار ہے۔
ایل ہچ فا وی 2 ایم ٹی بنا رہا ہے جو 12 لاکھ 89 ہزار کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک میں چار کمپنیاں کاریں تیار کر رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سٹیل ملز کو نجکاری کی فہرست سے نکال دیا ہے۔وزیر مملکت برائے ہائوسنگ شبیر علی نے بتایا کہ 1992ء سے 30 جون 2018ء تک فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کی شروع کردہ تمام ہائوسنگ سکیموں کے اراکین کی جانب سے جمع کردہ رقوم پر 2 ارب 62 کروڑ 22 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد منافع کی مد میں حاصل ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہائوسنگ فائونڈیشن مختلف سیکٹروں پر قبضے چھڑانے اور مقدمات نمٹانے کیلئے کوشاں ہے۔وزارت آبی وسائل کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 80 فیصد اراضی حاصل کرلی گئی ہے‘ کل اراضی جو حاصل کرنا مقصود ہے وہ 37ہزار 419 ایکڑ ہے جس میں سے 32 ہزار 139 ایکڑ حاصل کرلی گئی ہے جس میں سے 17ہزار 429 ایکڑ سرکاری اراضی مفت حاصل کی گئی ہے جبکہ 14ہزار 710 ایکڑ نجی اراضی ادائیگی کرکے حاصل کی گئی ہے۔ حاصل کی گئی اراضی کی شرح 80 فیصد بنتی ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 7 نومبر 2018

Share On Whatsapp