موجودہ جموری حکومت نے 17سال بعد صحافیوں کے لئے 8 ویں ویج بورڈ کی تشکیل مکمل کر لی ہے
, ، آئین وقانون کے مطابق آٹھویں ویج بورڈ کا نفاذ کیا جائے گا ، صحافی اپنے حق سے محروم تھے،صحافیوں کے قلم کی طاقت نے جمہوریت کو اپنے پاؤں پر کھڑا رکھا ہے، پاکستان کی جمہوریت بہت سے اتار چڑھاؤ سے گزری ہے، صحافی ملک کا ایسا طبقہ ہیں جو ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،آئین میں آئینی اداروں کے کام کا تعین ہے، تمام ادارے اپنا اپنا کام کریںگے تو یہ ہی سب کی طاقت ہے , وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا نیشنل پریس کلب میں 8 ویں ویج بورڈ کی تشکیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد ۔18 اپریل : وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت نے 17سال بعد صحافیوں کے لئے 8 ویں ویج بورڈ کی تشکیل مکمل کر لی ہے، آئین وقانون کے مطابق آٹھویں ویج بورڈ کا نفاذ کیا جائے گا، صحافی اپنے حق سے محروم تھے، صحافیوں کے قلم کی طاقت نے جمہوریت کو اپنے پاؤں پر کھڑا رکھا ہے، پاکستان کی جمہوریت بہت سے اتار چڑھاؤ سے گزری ہے، صحافی ملک کا ایسا طبقہ ہیں جو ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،آئین میں آئینی اداروں کے کام کا تعین ہے، تمام ادارے اپنا اپنا کام کریںگے تو یہ ہی سب کی طاقت ہے، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی، افسوس ہوا ہے کہ تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیر اعظم محمد نواز شریف جنہوں نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، انفراسٹرکچر، سی پیک اور سڑکوںکا جال بچھایا گزشتہ روز جب وہ ملک میں ووٹ کو عزت دینے کی بات کر رہے تھے تومیڈیا اس کو میوٹ کر رہا تھا۔وہ بدھ کو نیشنل پریس کلب میں 8 ویں ویج بورڈ کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔اس موقع پر صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر مملکت نے کہاکہ جولائی میں پاکستان میں جمہوریت کے دس سال مکمل ہونے جا رہے ہیں، مجھے میڈیا ورکرز اور صحافیوں نے بے انتہا عزت دی، آٹھویں ویج بورڈ کا اعلان میرے لئے ایک اعزاز ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ صحافیوں نے ویج بورڈ کے حصول کے لئے 17 سال جو جدو جہد کی آج اس کا پھل انہیں مل رہا ہے، اس تحریک میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور ان کی ٹیم کا نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ویج بورڈ کی تشکیل سے صحافیوں پر کوئی احسان نہیں کیا ، انہیں ان کا حق دیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ورکنگ جرنلسٹس کی فرائض کی انجام دہی کے دوران مشکلات کا اندازہ ہوا، یہ میری، وزیراعظم کی اور حکومت کی خوش قسمتی ہے جن کے دور میں ویج بورڈ کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ ابھی ان کا اصل کام باقی ہے جو مقررہ مدت کے اندر پورا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل ان کا صحافیوں کے ساتھ جو رشتہ تھا آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ آئندہ دنوں میں کوئٹہ اور سندھ کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان میں جمہوریت کے دس سال مکمل ہونے جا رہے ہیں انہیں بھرپور طریقے سے جولائی میں منائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس ہوا ہے کہ تین مرتبہ منتخب وزیر اعظم جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، انفراسٹرکچر، سی پیک اور سڑکوںکا جال بچھایا گزشتہ روز جب وہ ملک میں ووٹ کو عزت دینے کی بات کر رہے تھے تومیڈیا اس کو میوٹ کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی بات کی۔انہوں نے کہاکہ 70 سال سے اس ملک کے ساتھ کیا ہوتا آیا ہے، ملک میں جو روایت چل پڑی ہے بہت غلط ہے، سب نے جو عزت دی پیار دیا اس کو بھلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ یہ آٹھواں ویج بورڈ صحافیوں کے معاشی استحکام کو تحفظ دے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح یہ ویج بورڈ نافذ ہوا ہے اس سے لاکھوں صحافیوں کے گھروں میں چولہا جلے گا اور تعلیم کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ اس میں مالکان نے بھی بھرپور تعاون کیا جن کی میں شکر گزار ہوں۔ سکیورٹی سیفٹی جرنلسٹ کے بل پر بھی کام ہو رہا ہے، اس ویج بورڈ کے نوٹیفکیشن کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات نے بھرپور کردار ادا کیا، ہم نے کابینہ سے بھی اس کو منظور کرایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں نے انہیں جو عزت اور پیار دیا ہے اس کا شکر ادا کرتی ہوں۔ اس موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے آٹھویں ویج بورڈ کا نوٹیفکیشن صحافتی قیادت کے حوالے کیا۔ قبل ازیں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر اور آئی آئی یو جے کے صدر مبارک زیب اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کے نوٹیفکیشن پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب، وزیر اعظم شاہد خاقان اور وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کیا۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018