سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا ہے، ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا، شوکاز کا جواب نہ دینے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھیجیں گے

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔18 اپریل : چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے والے اپنے ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی اراکین پر الزامات کی پوری تحقیقات کی ہیں، ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کیا جائے گا، شوکاز کا جواب نہ دینے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھیجیں گے۔
یہ بات چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بدھ کوبنی گالہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہمارے 60 اراکین ہیں اور پارٹی تحقیقات کے مطابق سینیٹ انتخابات میں ہمارے 20 اراکین نے اپنے ووٹ بیچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ایم پی ایز کو 4، 4 کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں نہ بکنے والے اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں لیکن ووٹ بیچنے والے اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور انہیں اپنی صفائی پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کیا جائے گا۔
شوکاز کا جواب نہ دینے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھیجیں گے۔انہوں نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20 اراکین کے ناموں کا بھی اعلان کیا جن میں نرگس علی، دینا ناز، فوزیہ بی بی ، نسیم حیات، ناگینہ خان، سردار ادریس، عبید ، زاہد درانی، عبدالحق، قربان خان، امجد آفریدی، وجیہہ الزمان، بابر سلیم، عارف یوسف، جاوید نسیم ، یاسین خلیل، فیصل زمان اور سمیع اللہ زیب شامل ہیں۔

تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018

Share On Whatsapp