محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے مخیر حضرات اور صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنا چاہئے‘رفیق رجوانہ

, تھیلسیماکے مہلک مرض سے بچائو اور اس سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے پنجاب میں بھی کام کیا جائے گا‘گورنر پنجاب

لاہو : گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اپنے لئے تو ہر کوئی جیتا ہے اصل زندگی وہ ہے جو انسان دوسروں کے لئے جیئے، محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے مخیر حضرات اور صاحب ثروت لوگوں کو آگے آنا چاہئے،دُکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے لوگ ہمارے ہیرو اور ماتھے کا جھومر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاںگورنر ہائوس لاہور میں میک اے وش فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام لا علاج امراض میں مبتلا بچوں کی خواہشات کی تکمیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں معروف صحافی و دانشور سہیل احمد وڑائچ ، نامور فنکارہ ریما خاں اور گلوکار وارث بیگ کے علاوہ مخیر حضرات نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جان لیوا امراض میں مبتلا یہ بچے اپنی ہمت اور پختہ ارادے سے جس طرح بیماریو ںسے نبرآزما ہیں یہ معاشرے کے لئے ایک پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ بچے جان لیوا مرض سے جنگ کر سکتے ہیں تو ہمیں بھی چاہئے کہ اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر ایک پلیٹ فارم پر ملک و قوم کے مستقبل کے لئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارے لئے رول ماڈل ہیں جن کی صرف ایک خواہش ہے اور ان کے جذبے اور حوصلے ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تھیلسیماکے مہلک مرض سے بچائو اور اس سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے پنجاب میں بھی کام کیا جائے گا۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ اعلیٰ عہدوں اور رُتبوں سے بخشش نہیں ہوگی بلکہ دُکھی انسانیت کی خدمت سے دُنیا و آخرت میں سرخرو ہوا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے بچوں کے لئے گورنر ہائوس کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ یہ بچے آج گورنر ہائوس لاہور میں آئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میک اے وش کے بانی و صدر اشتیاق بیگ نے کہا کہ آج 20بچوں کی دو خواہشات پوری ہورہی ہیں ، ایک تو گورنر ہائوس کی سیر اور دوسری اِن کو اِن کی خواہش کے تحفے دیئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 50ہزار بچے تھلسیماکے مرض میں مبتلا پیدا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میک اے وش فائونڈیشن کا مشن ہے کہ کوئی بھی لاعلاج مرض میں مبتلا بچہ اپنی خواہش دل میں لے کر اس دُنیا سے نہ چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فائونڈیشن ہزاروں بچوں کی آخری خواہشات کو پوری کر چکی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے لاعلاج مرض میں مبتلا بچوں کو اُن کی خواہشات کے مطابق انہیں تحائف بھی دیئے۔
قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان اور معیشت کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا ۔ جمہوریت کا تسلسل ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لئے حکومت نے گراں قدر اقدامات کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میںپی ایم ایل (این )ٹریڈ رزونگ لاہورکے 64رُکنی تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایڈوائزر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد علی میاں کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئر مین ٹریڈرز ونگ بابر محمود، صدر عرفان شیخ اور جنرل سیکرٹری زبیر انصاری موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی ترقی کا پہیہ رواں دواں رکھنے میں تاجربرادری کا کردار نمایاں ہے جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ زلزہ ہو یا سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے تاجروں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
گورنر نے کہا کہ بلاشبہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاجروں کو آسانیاں دینے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جنہیں ہو صورت پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور موجودہ حکومت ذاتی عناد سے بالا تر قومی مفاد کو سرفہرست رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو نہ صرف بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے بلکہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔
اس موقع پر ایڈوائزر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد علی میاں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں بے شمار ترقی ہوئی ہے اور پنجاب دوسرے صوبوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے ساتھ ہے۔

تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018

Share On Whatsapp