حافظ نعیم الرحمن کی معصوم بچی سے زیادتی اور قتل کی مذمت تحقیقات کا مطالبہ

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،جماعت اسلامی ضلع غر بی کے امیر عبدالرزاق خان نے ایک مشترکہ بیان میں منگھو پیر تھانے کی حدود میں 6سالہ معصوم بچی رابعہ کے ساتھ زیادتی اور بہیمانہ قتل کی واردات کی شدید مذمت کر تے ہوئے مقتولہ کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور آئی جی سندھ اور سندھ حکومت کے ارباب ِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائے اور اس گھنائونی واردات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے عدلیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ زیادتی اور قتل کے اس افسوسناک واقعے پر از خود نوٹس لے ۔حافظ نعیم الرحمن نے اس واردات کے خلاف مظاہرہ کر نے والوں پر پولیس کی شیلنگ ،لاٹھی چارج اور فائرنگ کی بھی مذمت کی ہے اور مظاہرے میں شریک مولانا الیاس کے سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو نے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی کاروائی کا مطالبہ کیا اور مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ۔
دریں اثناء جماعت اسلامی ضلع غر بی کے رہنماء گل رحیم خان ،امیرزون عبد المجید خاصخیلی اور دیگر نے معصوم بچی رابعہ ور مولانا الیاس کے اہل خانہ اور پسماندگان سے ان کے گھروں پر جا کر ملاقات کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہو ئے ان واقعات کی شدید مذمت کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔

تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018

Share On Whatsapp