وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملیریا کے خاتمہ بارے سمٹ میں شرکت کیلئے پہنچ گئے
لندن ۔18 اپریل : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملیریا کے خاتمہ کیلئے ہونے والے سمٹ میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔ ملیریا کے خاتمہ کیلئے اجلاس دولت مشترکہ سربراہان مملکت اجلاس کے موقع پر لندن میں ہو رہا ہے۔ سمٹ کا انعقاد بل اینڈ ملنڈا گیٹس اور دیگر عالمی اداروں کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں پرنس آف ویلز بھی خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ 2 ہزار سے اب تک کی جانے والی کاوشوں سے دنیا بھر میں ملیریا کے باعث ہونے والی 60 فیصد اموات پر قابو پایا گیا ہے جبکہ ملیریا کے خلاف کئے جانے والے اقدامات سے دنیا بھر کے 70 لاکھ افراد کی جانیں بچائی گئی ہیں۔ دنیا کی نصف آبادی کو آج بھی ملیریا کا خطرہ درپیش ہے اور دنیا بھر میں 5 لاکھ کے قریب افراد ہر سال ملیریا کے نتیجہ میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ملیریا کا خاتمہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصہ ہے۔ ملیریا کے خاتمہ کیلئے خرچ کیا جانے والا ایک ڈالر معاشی و سماجی طور پر بحالی کا سبب بنتا ہے۔ لندن میں ہونے والی ملیریا سمٹ عالمی رہنماؤں، حکومتوں اور صحت کیلئے کام کرنے والے اداروں کو مل کر کام کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ سیاسی، سماجی، اقتصادی لیڈرز اور صحت و ٹیکنالوجی ماہرین کانفرنس میں ملیریا کے مکمل خاتمہ کیلئے پالیسی پر بات کریں گے۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018