وزیراعلیٰ نے مردان اور ایبٹ آباد کیلئے سات، سات پلین بسوں کی منظوری دیدی
پشاور۔ : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مردان اور ایبٹ آباد کیلئے سات، سات پلین بسوں کی منظوری دی ہے یہ جدید بسیںصرف خواتین اور دس سال تک بچوں اور طالبات کیلئے مختص ہوں گی جنہیںان گنجان آباد شہروں میں آمدورفت کی بے پناہ مشکلات درپیش ہیں وزیر اعلیٰ نے باقی ماندہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے بھی پلین بسوں کی فراہمی کیلئے جامع کیس بمع تخمینہ لاگت تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی دیتے ہوئے ایکٹ کے تحت رولز اور ریگولیشن جلد بنانے کی بھی ہدایت کی وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں خیبرپختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر، اراکین صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی ، محمود جان، معراج ہمایون، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں بورڈ کے سابقہ اجلاس کے منٹس کی منظور دی گئی اور اہم فیصلے کئے گئے وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کیلئے مختلف آسامیوں کی اصولی منظوری دی تاہم انہوں نے آسامیوں کو معقول اور حقیقت پسندانہ رکھنے کی ہدایت بھی کی مزید برآں انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپوٹیشن کا کلچر ختم ہونا چاہئے اتھارٹی کیلئے طریقہ کار کے تحت انتہائی پروفیشنل افراد بھرتی کئے جائیں پسند و ناپسند پر مبنی ڈپوٹیشن تعیناتیاں اداروں کی تباہی کا سبب بنتی ہیں اس لیئے اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے ۔وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کیلئے ٹاپ سے تقرریوں کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی اور ایکٹ کے تحت رولز اینڈ ریگولیشن ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیااجلاس میں 30 جون تک کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی جبکہ تنخواہوں کی ادائیگی ایم پی سکیل اور پراجیکٹ پالیسی کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں اتھارٹی ایکٹ کی ضرورت کے تحت نوٹیفیکشنز کی بھی منظوری دی گئی اس موقع پر مردان اور ایبٹ آباد کیلئے پلین بسوں کا مجوزہ پلان بھی پیش کیا گیا جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دی اور باقی ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے بھی پلین بسوں کا پلان تیار کرنے اور تخمینہ لاگت لگا کر کیس پیش کرنے کی ہدایت کی۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018