رمضان کی آمد آمد ہے اور شہر کا برا حال ہے ، نہ پانی ہے نہ بجلی، کراچی کے شہری اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں،میئرکراچی
, کراچی سندھ کو 85 فیصد اور وفاق کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے، پورے ملک میں موٹر ویز بن رہے ہیں مگر کراچی میں کوئی ایسا منصوبہ شروع نہیں ہوا،وسیم اختر
کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ رمضان کی آمد آمد ہے اور شہر کا برا حال ہے ، نہ پانی ہے نہ بجلی، کراچی کے شہری اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں، کراچی سندھ کو 85 فیصد اور وفاق کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے، پورے ملک میں موٹر ویز بن رہے ہیں مگر کراچی میں کوئی ایسا منصوبہ شروع نہیں ہوا، بدترین حکمرانی کا یہ حال ہے کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ احکامات صادر کرکے کام کرارہی ہیں، وسائل نہ ہونے کے باوجود کراچی میں 25 ہزار رننگ فٹ واٹر اور سیوریج لائنیںڈالیں، صدر پاکستان کراچی سے تعلق رکھتے ہیں ان سے اپیل کروں گا کہ اپنے شہر کے دکھوں کا مداوا کریں، ارباب اختیار کراچی پر رحم کریں اور اس شہر کو اس کا جائز حق دیا جائے، یہ بات انہوں نے بدھ کی سہ پہر سعود آباد اردو نگر، یاسر عمار فیز ٹو ملیر میں سڑکوں کی استرکاری اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا ، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ، انجینئرز اور دیگر ماہرین کے علاوہ علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرنے کے دوران علاقہ مکینوں سے ان کے مسائل معلوم کئے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ وفاقی حکومت سے تعلق رکھتا ہے لہٰذا اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرناچاہئے، کراچی میں 12 ،13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو ناقابل برداشت ہے، کراچی والوں کا کوئی پرسان حال نہیں، اگر یہی حال رہا تو رمضان میں شہری کیسے روزے رکھیں گے اور عبادات کریں گی مفاد پرستوں نے کراچی کو تباہ کردیا ، پانی و سیوریج ، ٹرانسپورٹ، صفائی ستھرائی تمام نظام ابتر حالت میں ہے، ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے ، جتنے بھی وسائل میسر ہیں انہیں بروئے کار لا کر ترقیاتی کام کرا رہے ہیں اور عوام کا پیسہ صرف اور صرف عوامی منصوبوں میں لگا رہے ہیں، شہر کی بہتری کے لئے جو بھی اقدام ضروری ہوا کریں گے ، انہوں نے کہا کہ سعود آباد کے علاقے میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا تھا لہٰذا ڈسٹرکٹ اے ڈی پی فنڈز سے یہاں سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جارہی ہے جس سے لاکھوں افراد کو سہولت ہوگی خاص طور پر بزرگ،خواتین اور بچے جنہیں ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور سیوریج کے پانی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا ، سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کے بعد اطمینان کا سانس لیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ جیسے بھی حالات ہوں ہم کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے ، ناکافی وسائل کے باوجود فائربریگیڈ اور دیگر محکموں کو جلد از جلد اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ، صحت کا شعبہ بھی اولین ترجیح ہے، اسپتالوں میں مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں جہاں تک ممکن ہے بہتری اور بحالی کے کام کر رہے ہیں اور یہ کوششیں مسائل کے حل تک جاری رہیں گی۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018