سعودی حکومت کا بن لادن گروپ کو 11 ارب ریال قرضہ
ریاض ۔ : سعودی وزارت خزانہ نے بن لادن کمپنی کو اپنے حالات بہتر بنانے کیلئے تقریباً 11ارب ریال کے قرضے دیدیئے۔ کمپنی کے ایک عہدیدار نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ سرکاری قرضوں سے ملنے والی رقم سے حکومت کے اہم منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی اور کمپنی پر بینکوں کے قرضے ادا کئے جائیں گے۔ عہدیدار نے کہا کہ بن لادن گروپ ریاض میں کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز کو ترجیحی بنیاد پر پہلی فرصت میں مکمل کرے گا۔ یہ سعودی عرب کا نیا مالیاتی مرکز ہے۔ جی ٹوئنٹی کا سربراہ اجلاس 2020 میں مملکت میں منعقد ہوگا تاہم اس سے قبل ہی کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز مکمل کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے اطراف کا بنیادی ڈھانچہ اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کا منصوبہ بھی ترجیحی بنیادوں پر پہلی فرصت میں مکمل کرایا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں حکومت بن لادن گروپ کو مزید رقم منتقل کریگی اورکمپنی کے ساتھ مالیاتی سمجھوتے کے تحت اس کے بڑے حصص حاصل کرلے گی۔
تاریخ اشاعت : بدھ 18 اپریل 2018