عرب اجلاس میں غیر حاضری کی ذمہ داری حکمراں حمد خاندان پر عائد
حمد خاندان نے قطر کو عرب دنیا سے علیحدہ کر دیا،سابق اماراتی وزیرخارجہ سلطان بن سحیم کا ردعمل
دوحہ : قطر کے سابق امیر کے بھتیجے اور سابق وزیر خارجہ سحیم آل ثانی کے بیٹے شیخ سلطان بن سحیم نے کہاہے کہ عرب سربراہ اجلاس میں قطر کی غیر حاضری کی تمام تر ذمّے داری حکمراں حمد خاندان پر عائد ہوتی ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قطر کی عنقریب عرب دنیا میں واپسی ہو گی۔شیخ سلطان نے اپنی ٹوئیٹس میں کہا کہ ہم اس علیحدگی اور تنہا رہ جانے پر رنجیدہ ہیں جس کا سامنا ہمیں حمد خاندان کی غیر ذمّے دارانہ پالیسیوں کے نتیجے میں کرنا پڑ رہا ہے۔ قطر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس الم ناک صورت حال پر پہنچنا کتنا افسوس ناک ہے۔شیخ سلطان کا مزید کہنا تھا کہ روز بروز میرا وطن تنہا ہوتا جا رہا ہے اور ہمارے عوام کے سامنے ناکامی کے دروازے کھلتے جا رہے ہیں۔ عرب دنیا بیت المقدس سے متعلق سربراہ اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھی جب کہ حمد خاندان ہٹ دھرمی اور صفوں میں انتشار پھیلانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
تاریخ اشاعت : منگل 17 اپریل 2018